لاہور(نیوز رپورٹر)وزیراعظم پاکستان قومی اداروں میں سالہا سال سے خدمات سرانجام دینے والے ڈیلی لیبر ملازمین کو ملازمت سے نکالنے کی بجائے انہیں مستقل کریں۔ یہ کارکن اس مہنگائی کے دور میں کسی ترقی اور پنشن کے بغیر خدمات سرانجام دے رہے ہیں کیونکہ حکومت نے ان اداروں میں خالی آسامیوں پر بطور ڈیلی لیبر ملازم رکھا تھا جبکہ لیبر قوانین میں طے کر رکھا ہے کہ 9 ماہ فرائض سرانجام دینے والے کارکنوں کو مستقل قرار کردیا جائے گا۔ اس کمر توڑ مہنگائی، غربت اور بے روزگاری کے دوران ملازمت ختم کرنے کا فیصلہ ملازمین اور کارکنوں کی بدحالی کا سبب بنے گا جبکہ محکمہ بجلی کے اداروں میں 7 سال سے بھرتی نہیں کی گئی۔ یہ ڈیلی لیبر کے ملازمین محنت سے اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان سے پرزور اپیل ہے کہ وہ اس مہنگائی کے دور میں ملازمین کو بے روزگار کرنے کے فیصلہ پر نظرثانی فرمائیں تاکہ ان کے خاندان بے روزگاری، شدید غربت کا شکار نہ ہوں یہ مطالبات خورشیداحمد جنرل سیکرٹری آل پاکستان فیڈریشن آف ٹریڈیونینز نے ایک اخباری بیان میں کیئے۔