لاہور(خصوصی نامہ نگار) تحریک لبیک یا رسول اللہؐ و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام ٹمپر مارکیٹ عیدگاہ میں ’’تاجدارِ ختم نبوتؐ کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کی۔ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا مبارک ثانی کیس کے تفصیلی فیصلہ میں تاخیر سے قوم میں اضطراب پیدا ہو رہا ہے۔ ختم نبوت جیسے حساس معاملہ پر ایسی سستی نہیں ہونی چاہیے۔ خدشہ ہے کہ جو شقیں واپس لی گئی تھیں، انہیں کسی اور طریقہ سے پھر فیصلہ کا حصہ نہ بنا دیا جائے۔ عاشقانِ رسولؐ بیدار ہیں اور شدت سے تفصیلی فیصلہ کا انتظار کر رہے ہیں۔ عقیدہء ختم نبوتؐ پر مسلمان ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہم تحفظ ناموس رسالتؐ، تحفظ ناموس صحابہؓاور تحفظ ناموس اہل بیتؓکیلئے ہر وقت کمر بستہ ہیں۔ تحفظ نظریہ پاکستان ہمارے منشور کا حصہ ہیں۔ انجینئر محمد ثروت اعجاز قادری نے حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی پر مختلف اضلاع میں لگائی گئی ظالمانہ پابندیاں فی الفور دور کی جائیں۔
عقیدہء ختم نبوتؐ پر مسلمان ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں:اشرف جلالی
Oct 04, 2024