لاہور(نیوز رپورٹر) صوبائی وزیر صحت کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری صحت پنجاب عظمت محمود خان، سپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ سید واجد علی شاہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر وحید، وائس چانسلر یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ سائنسز پروفیسر مسعود صادق، سی ای او پنجاب ہیلتھ انشی ایٹو مینجمنٹ کمپنی ڈاکٹر علی رزاق اور پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ سے ڈائریکٹر نوشین نے شرکت کی۔پروفیسر فرقد عالمگیر اور ڈاکٹر عدنان خان نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے اجلاس کے دوران چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کا تفصیلی جائزہ لیا۔پی آئی ٹی بی نے اس حوالے بریفنگ دی۔ صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ 2 ہفتوں سے شروع کئے جانیوالے چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کے تحت 200 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز کامیاب ہو چکی ہیں۔ اس پروگرام سے قبل معصوم بچوں کے والدین کو سرجریز کیلئے ویٹنگ لسٹ کے مطابق مہینوں انتظار کرنا پڑتا تھا۔ اس پروگرام کے تحت پنجاب کے چلڈرن ہسپتالوں کی صلاحیت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔ چیف منسٹرز چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام کی ڈیش بورڈ کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کر رہے ہیں۔
چلڈرن ہارٹ سرجری پروگرام :200 سے زائد معصوم بچوں کی سرجریز مکمل
Oct 04, 2024