لاہور (خصوصی نامہ نگار)نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلس قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے کہا آئین میں مجوزہ ترامیم متنازع اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔ عوام نے اِسے مسترد کردیا ہے۔ آئین پاکستان قومی مشترکہ متفقہ دستاویز ہے۔ وکلاء نے ہمیشہ آئین، جمہوریت اور انسانی حقوق کے تحفظ کیلئے جاندار اور کامیاب جدوجہد کی۔ قومی سیاسی قیادت ملکی سیاسی بحران، مسائل میں الجھ کر عالمی اور عالم اسلام کیلئے بڑھتے خطرات سے غافل نہ ہو۔ 7 اکتوبر کو قومی قیادت اور پوری قوم فلسطین غزہ سے یکجہتی اور اسرائیلی صیہونی ظلم کیخلاف سڑکوں پر آئے۔ لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی وفد کے ہمراہ ایرانی سفارتخانہ اسلام آباد میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور فلسطین، لبنان کے شہداء اور مجاہد رہنما سید حسن نصراللہ شیخ کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں پیغام قلم بند کیا۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا حکمرانوں نے اپنی مراعات میں تو فوراً اضافہ کر دیا مگر غریب طبقہ اپنے حق سے محروم، پارلیمنٹ سے قانون منظور ہونے کے باوجود مزدور کی کم از کم ماہانہ آجرت پر عمل درآمد نہیں ہو سکا۔