سعودی عرب : سال کی پہلی شش ماہی میں بیرون ملک سے آنے والوں نے 92 ارب ریال خرچ کیے

Oct 04, 2024 | 13:49

سعودی عرب میں وزارت سیاحت کے مطابق سال 2024 کی پہلی شش ماہی کے دوران میں بیرون ملک سے آنے والوں کی جانب سے مملکت میں خرچ کی گئی رقم میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور یہ 2023 میں اسی عرصے میں خرچ کی گئی رقم کے مقابلے میں 8.2% زیادہ رہی۔ رواں سال غیر ملکیوں کے مجموعی اخراجات کا حجم تقریبا 92.6 ارب ریال رہا۔ اسی طرح مملکت نے سفر کے شعبے میں تقریبا 41.6 ارب ریال کی اضافی آمدنی ریکارڈ کی۔

بیرون ملک سے سعودی عرب آنے والوں کے خرچ میں اضافہ مملکت کے سیاحتی سیکٹر میں ہونے والی نمایاں ترقی کا مرہون منت ہے۔ سعودی عرب غیر ملکی سیاحوں کی تعداد کی شرح نمو کے حوالے سے گروپ ٹوئنٹی کے رکن ممالک کی فہرست میں اول نمبر پر رہا۔ اسی طرح سال 2024 کے ابتدائی سات ماہ میں بین الاقوامی سیاحتی آمدنی کی شرح نمو کے حوالے سے بھی سر فہرست رہا۔ یہ بات اقوام متحدہ کی تنظیم برائے سیاحت نے بتائی۔

 سعودی عرب کی جانب سے سیاحت کے شعبے کو ترقی دینے کے لیے بہترین اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں دنیا بھر سے مملکت آنے والوں کے لیے پیش کی جانے والی خدمات اور متعلقہ مصنوعات ارتقا کی منازل طے کر رہی ہیں۔ سعودی عرب میں سیاحت کے سیکٹر کی ترقی کو سہارا دینے کے لیے حکومتی اداروں کو مکمل تعاون اور سرپرستی فراہم کی جا رہی ہے۔

مزیدخبریں