اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال سے ورلڈبینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بینہسن نے ٹیم لیڈ کنٹری اکانومسٹ ٹوبیاس اختر حق، سینئر اکانومسٹ لوسی پین اور پبلک سیکٹر سپیشلسٹ ارم توقیر کے ہمراہ ایف بی ار ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ایف بی ار کے ٹرانسفارمیشن پلان پر بات چیت کی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کی ٹرانسفارمیشن کے لیے حکومت کے وژن اور وزیراعظم پاکستان کی جانب سے منظور شدہ ٹرانسفارمیشن پلان کے بارے میں بتایا۔ انہوں نے ایف بی آر کے ٹرانسفارمیشن پلان اور اس کے تحت کی جانے والی اہم اصلاحات کے بارے میں بتایا۔ اسکے ساتھ ساتھ پاکستان ریزز ریونیو پراجیکٹ کے تحت کئے جانے والے انیشیٹیوز کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نے بتایا کہ اصلاحات کا مقصد ریونیو میں زیادہ سے زیادہ اضافہ کرنا اور ٹیکس کمپلائنس کے لئے ا?سانیاں پید اکرنا ہے ۔ انہوں نے ٹیکس کمپلائنس سے متعلق خامیوں کو دور کرنے کے لیے اصلاحات کے اہم شعبوں کو اجاگر بھی کیا جن میں ٹیکس پالیسی ریفارمز، ڈیجیٹلائزیشن کے اقدامات، انسانی وسائل کی صلاحیت میں اضافہ، انسداد سمگلنگ اقدامات، اور وسیع پیمانے پر ٹیکس ایڈمنسٹریشن میں اصلاحات شامل ہیں۔ورلڈ بینک کے کنٹری ڈائریکٹر نے ایف بی آر ٹرانسفارمیشن پلان کے تحت کیے جانے والے اقدامات کی مکمل حمایت کا یقین دلایا اور پاکستان میں محصولات بڑھانے کی کوششوں میں ورلڈ بینک کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا۔