روس کے ڈپٹی وزیر اعظم سے کریملن میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری کی ملاقات

اسلام آباد(خبرنگار)روس کے ڈپٹی وزیر اعظم الیکسی اوور چک، وزیر ٹرانسپورٹ رومان سٹار اووت اور ڈپٹی منسٹر صنعت و تجارت الیکسی گروزدیف سے کریملن میں وفاقی وزیر سرمایہ کاری بورڈ، نجکاری اور مواصلات عبدالعلیم خان کی ملاقات میں تاپی گیس، دو طرفہ تجارت، ذرائع مواصلات،مجوزہ ریل ٹریک اور دیگر منصوبوں پر بات چیت ہوئی۔روس کے ڈپٹی وزیر اعظم نے نارتھ ساتھ انٹرنیشنل ٹرانسپورٹ کوریڈور میں پاکستان کی دلچسپی کولائق تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے یورو ایشیا اور شمالی و جنوبی ممالک میں بہترین تجارتی راہداری ملے گی۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان اور روسی ڈپٹی وزیر اعظم کے مابین ملاقات میں دو طرفہ تعاون میں اضافے، دونوں ممالک کے تجارتی حجم اور پاکستان،ایران، آذربائیجان اور روس تک کے مجوزہ تجارتی روٹ پر بھی بات چیت ہوئی۔ روس کے ڈپٹی وزیر اعظم نے ماسکو میں ہونے والے 3روزہ بزنس اینڈ ٹریڈ انویسٹمنٹ فورم کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے پاکستان کیلئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا اور وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کی قیادت میں پاکستان سے 70بڑی کمپنیوں کی شراکت کو دو طرفہ تجارت بڑھانے کے لئے سنگ میل قرار دیا۔ اپنی گفتگو میں عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ پاکستان روس سے تجارتی روابط کو بڑھانا چاہتا ہے، ہم روس سے کاروباری اداروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔ دریں اثنا ماسکو میں تین روزہ پاکستان روس ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ فورم کے اختتامی روز عبدالعلیم خان کی روس کی کاروباری تنظیموں اور اداروں کے سربراہان سے ملاقاتیں ہوئیں جس میں انہوں نے ماسکو چیمبر آف کامرس اور روس کی حکومت کا شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آئندہ5برسوں میں روس سے اپنی ایکسپورٹ سوا 4ارب ڈالر تک بڑھانا چاہتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن