سوشل میڈیا موثر ترین، پاکستان میں مصنوعی ذہانت پر دسترس ضروری: ذاکر نائیک 

Oct 04, 2024

کراچی (سٹاف رپورٹر) ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا  کہ بدقسمتی سے سوشل میڈیا پر اچھائی کے مقابلے میں برائی زیادہ پھیل رہی ہے۔ سوشل میڈیا کو اسلامی دعوت کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے۔ مسلمان آج مصنوعی ذہانت کی مہارت پر تحقیق نہیں کر رہے جبکہ یہ مستقبل میں بہترین ٹول ثابت ہو سکتا ہے۔ گورنر ہاؤس کراچی میں  تقریب  سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر ذاکر نائیک نے آغاز میں کہا کہ میری اردو اتنی اچھی نہیں مگر آج 12سال بعد اردو میں آپ سے گفتگو کر رہا ہوں، اگر کوئی غلطی ہوجائے تو اسے نظر انداز کردیجئے گا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں سوشل میڈیا کو سب سے زیادہ دوام مل رہا ہے، دین کے پھیلائو کے لیے سوشل میڈیا کو استعمال کرنے کا علم جاننا ضروری ہے۔ اللہ اور رسول کے پیغام کا پھیلانا آخرت میں بھلائی کا سبب بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ بد قسمتی ہے کہ اکثر مدارس یا اسلامی اداروں میں جدید میڈیا ٹیکنالوجی کے حوالے سے آگاہی فراہم نہیں کی جاتی، سوشل میڈیا کے مختلف روابط کو اسلامی تدوین اور فروغ کے لیے استعمال کیا جانا چاہیے، اسلام کے فروغ کے لیے کام کرنے والے سوشل میڈیا کی راہ میں رکاوٹ پیدا کی جا رہی ہے کیونکہ بدقسمتی یہ ہے کہ جدید ٹیکنالوجی یہودیوں کے ہاتھ میں ہے۔ پاکستان کو اے آئی کے شعبے میں مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستانیوں میں دین کے فروغ کا جذبہ موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلمان ملک ہے جس کے پاس ایٹمی طاقت ہے۔ ڈاکٹر ذاکر نائیک نے کہا کہ پہلی بار 1991ء میں پاکستان آیا تھا، اب کی بار آمد پر بہت خوشی ہوئی اور حکومت کی جانب سے مدعو کرنے پر شکر گزار ہوں۔ ذاکر نائیک نے کہا کہ آج کی تاریخ میں میڈیا سب سے اہم ہتھیار ہے جس پر اسلام کے خلاف منفی پروپیگنڈا اور غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں جبکہ انٹرٹیمنٹ انڈسٹری میں مسلمان بہت آگے اور بالی ووڈ میں چھائے ہوئے ہیں مگر اسلام کے معاملہ میں مسلمان میڈیا پر کمزور ہیں،  معروف مبلغ نے کہا کہ اگر ہم چاہتے ہیں کہ ہمارے بچے منفی سرگرمیوں میں نہ جائیں تو ان کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنا ہوں گی، ہماری ٹیکنالوجی دیکھ کرہالی ووڈ پر اجارہ داری کرنے والے میڈیا گروپ حیران اور پریشان رہ گئے۔ 5 اور چھ اکتوبر کو بھی عوامی اجتماعات میں میڈیا کی جدید ٹیکنالوجی استعمال کریں گے۔ گورنر ہاؤس کراچی ڈاکٹر ذاکر نائیک کے اعزاز میں تقریب غیرملکی قونصل جنرل، تاجر برادری، علماء کرام نے شرکت کی۔ اسلام آباد سے نوائے وقت رپورٹ کے مطابق   ڈاکٹر ذاکر نائیک  اسلام آباد میں  یتیم بچوں کے ادارے پاکستان سویٹ ہوم میں مہمان خصوصی مدعو کیا جہاں انہوں نے گفتگو کی اور سوالات کے جواب دیے۔ پروگرام کے اختتام پر سویٹ ہوم کے چیئرمین زمرد خان نے ڈاکٹر ذاکر نائیک کے ہاتھوں شیلڈ دلوانے کیلئے لڑکیوں کو اسٹیج پر بلایا تو ڈاکٹر ذاکر نائیک سٹیج سے اتر گئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ لڑکیاں میرے لیے نامحرم ہیں جنہیں میں شیلڈ نہیں دے سکتا۔ اس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

مزیدخبریں