آپس میں بیٹھ کر بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں: گورنر خیبر پی کے 

Oct 04, 2024

وزیرآباد (نامہ نگار) گورنر خیبر پختونخواہ فیصل کریم خان کنڈی نے کہا ہے کہ معیاری تعلیم کے لیے پرائیویٹ پبلک سیکٹر کا اشتراک ضروری ہے۔ نجی تعلیمی ادارے معیار بہتر بنا کر انقلاب برپا کر سکتے ہیں۔ آپس میں مل بیٹھنے سے بہت سے مسائل حل ہو سکتے ہیں۔ وہ پاکستان چیمبر آف ایجوکیشن کے زیر اہتمام حلف وفاداری کی سالانہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے، جس میں ضلعی، ڈویژنل صدور، ایگزیکٹو ممبرز اور ایڈوائیزری کونسل کے علاوہ سندھ، بلوچستان، خیبرپختونخواہ، پنجاب کے نومنتخب عہدیداران نے حلف لیا۔ اس موقع پر سابق سینیٹر و امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق، سردار شاہ جہاں یوسف، ممبر صوبائی اسمبلی (KPK)، ممبر قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، ممبر قومی اسمبلی دانیال چوہدری، پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ، میڈم ضیا بتول چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوشن ریگولر اتھارٹی، ایم این اے مس سحر کامران، حسن ثقلین ایڈیشنل سیکرٹری منسٹری آف ایجوکیشن، ڈاکٹر شاہد سرویا ڈائریکٹر جنرل پاکستان انسٹیٹیوٹ آف ایجوکیشن سمیت دیگر موجود تھے۔ سابق سینیٹر و امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے کہا مضبوط قوم ہی ملک کے محفوظ مستقبل کی ضامن ہے۔ دشمن مسلمانوں کا عقیدہ کمزور کرنے کے درپے ہے۔ حکمرانوں نے نظریہ پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پنچایا۔ حکمران تعلیم کے شعبہ سے جان چھڑانا چاہتے ہیں، جدید سکولوں میں جدید تعلیم کے ساتھ اسلامی تعلیمات ناگزیر ہیں۔ ممبران قومی اسمبلی ملک ابرار احمد، ممبر قومی اسمبلی دانیال چوہدری (پارلیمانی سیکرٹری انفارمیشن اینڈ براڈکاسٹنگ) نے کہا جدید ٹیکنالوجی کے بغیر ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ نہیں کرسکتے۔ نونہالوں کا تعلیم سے آراستہ کرنا عظیم عمل ہے۔  میم ضیا بتول (چیئرپرسن پرائیویٹ ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ اف ایجوکیشن) نے کہا نجی تعلیمی ادارے شرح خواندگی بڑھانے میں فعال کردار ادا کر رہے ہیں، ان کو ریلیف دلانے میں اپنا کردار ادا کروں گی۔ ممبر قومی اسمبلی میں سحر کامران نے کہا تعلیم یافتہ مہذب معاشرہ اکیسویں صدی کے چیلنجوں کا مقابلہ کر سکتا ہے۔ حسن ثقلین، ڈاکٹر شاہد سرویا نے کہا پاکستان کو چیلنجز کا سامنا ہے۔ نو منتخب صدر محمد آصف نے اپنے ساتھیوں کے ہمراہ حلف اٹھایا۔ جبکہ ضلعی، ڈویژنل صدور اور سندھ کے صدر عبد القیوم عامر اور جنرل سیکرٹری عبد الوحید، بلوچستان کے صدر نذر محمد بڑیچ،جنرل سیکرٹری حاجی سلیم ناصر، آزاد جموں کشمیر کے صدر سید آصف گیلانی اور جنرل سیکرٹری عرفان صابر نے اپنی کابینہ کے اراکین نے بھی حلف اٹھایا۔ اور اختتام پر بانی ممبر صابر حسین بٹ کے والد محترم کی رحلت پر فاتحہ خوانی اور دعا کی گئی۔

مزیدخبریں