کوئٹہ باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری 7افراد جاں بحق ، 30سے زائد زخمی 

کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) کوئٹہ کے علاقے بروری بائی پاس پر باراتیوں کی بس کھائی میں جاگری جس کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 7  افراد جاں بحق اور 20 سے زائد زخمی ہو گئے۔ باراتیوں کی بس خلجی کالونی سے بلیلی کی جانب جارہی تھی کہ ٹائر برسٹ ہو گیا اور کھائی میں جا گری۔ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو بس سے نکالا اور بی ایم سی منتقل کیا جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد انہیں سول ہسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس کے مطابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے بروری بائی پاس بس حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے کہا کہ المناک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع افسوسناک اور دکھ کا باعث ہے۔ انہوں نے حادثے کی تحقیقات کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کوئی غفلت پائی گئی تو مواخذہ کیا جائے گا۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہوئے مزید کہا کہ زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائے۔ ترجمان بلوچستان حکومت شاہد رند نے کہا زخمیوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے اور صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی ہے جبکہ شدید زخمیوں کو سی ایم ایچ منتقل کیا جا رہا ہے۔

ای پیپر دی نیشن