کامونکی (نمائندہ خصوصی) مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران دو منشیات فروش بھائی جاں بحق ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق محلہ رسولنگر کے دو منشیات فروش گروپوں سے تعلق رکھنے والے راشد گجر وغیرہ اور مصطفی موچی گروپ کے درمیان گزشتہ رات جھگڑے کے دوران فائرنگ ہوئی۔ پولیس نے گجر گروپ کی گرفتاری کیلئے گھر پر چھاپہ مارا تو اْنہوں نے فائرنگ کر دی جبکہ مبینہ طور پر فائرنگ کے تبادلہ کے دوران راشد گجر جاں بحق ہوگیا لیکن اْس کے بھائی مدثر گجر نے محلہ دار ریاض کے مکان میں گھس کر مقابلہ جاری رکھا اور چار گھنٹے پولیس مقابلہ جاری رہنے کے بعد مارا گیا جبکہ ہلاک ہونے والے ملزموں کی فائرنگ سے ہیڈ کانسٹیبل سجاد تارڑ اور ایک راہگیر وقار بھی شدید زخمی ہوا۔ بعد ازاں سٹی پولیس نے ارشد گجر کی اہلیہ سلمیٰ بی بی کی مدعیت میں اْس کے مخالفین موچی گروپ کے مصطفی، علی حسن، مجتبیٰ، اسد اللہ اور مشتاق کے خلاف اور مدثر گجر کی ہلاکت پولیس مقابلہ کے دوران قرار دے کر مقدمہ درج کر لیا گیا۔