فیصل آباد، میانوالی میں پی ٹی آئی کارکنوں پر مقدمات،  5کو  جیل بھیج دیا 

Oct 04, 2024

فیصل آباد؍ میانوالی؍راولپنڈی(نمائندہ خصوصی + نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) 2 اکتوبر کے پی ٹی آئی کے احتجاج میں گرفتار ہونے والے پانچ کارکنوں کو انسداد دہشت گردی عدالت سرگودھا میں پیش کر دیا گیا۔ پولیس کی جانب سے ریمانڈ کی درخواست مسترد جیل بھجوادیا گیا۔ علاوہ ازیں گزشتہ روز احتجاج کرنے پر پی ٹی آئی میانوالی کے 45 رہنمائوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیے گئے۔ ایف آئی آر میں وکلاء ونگ کے صدر شاہد خان ایڈووکیٹ، عمارہ نیازی، بیٹا اور ولید روکھڑی بھی نامزد ملزم ہیں۔ ایف آئی آر میں دہشت گردی سمیت 12 دفعات لگائی گئی ہیں۔ ایف آئی آر میں 20 نامزداور 25 نامعلوم  افراد شامل ہیں۔ ایف آئی آر میں تین خواتین بھی نامزد کی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے احتجاجی مظاہرہ میں شرکت پر 5 وکلاء کے خلاف تھانہ سٹی پولیس کی طرف سے  دہشت گردی ایکٹ کے مقدمات در ج کرنے پر آج ڈسثرکٹ بار نے آج ہرتال کی ہے۔ فیصل آباد میں  گزشتہ روز احتجاج کرنے والے تحریک انصاف کے کارکنوں پر مقدمات درج کر لیے گئے۔ تفصیل کے مطابق گزشتہ روز پولیس کے گھیرے توڑ کر گھنٹہ گھر چوک میں پہنچنے والے سینکڑوں کارکنوں کے خلاف مختلف تھانوں میں پانچ مقدمات درج کیے گئے ہیں۔راولپنڈی پی ٹی آئی کارکنوں کی مختلف مقدمات میں پکڑ دھکڑ جاری ہے۔ اسی سلسلے میں مزید 170 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ 28 ستمبر کو لیاقت باغ (راولپنڈی) میں پاکستان تحریک انصاف کے احتجاج، جلاؤ گھیراؤ اور توڑ پھوڑ پر درج مقدمات میں نامزد ملزموں کی گرفتاریوں کے لیے کارروائیاں جاری ہیں اور پولیس نے مختلف آپریشنز میں مقدمات میں نامزد 170 ملزموں کو گرفتار کرلیا ہے۔احتجاج کے دوران توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات میں اب تک گرفتار کیے گئے ملزموں کی مجموعی تعداد 300 سے زیادہ ہو چکی ہے۔

مزیدخبریں