راولپنڈی (سٹاف رپورٹر، اکمل شہزاد)قومی ایئرلائن پی آئی اے کی نجکاری کے معاملے پر سینیٹ کی قائمہ کمیٹی نجکاری کا اجلاس گزشتہ روز ہوااجلاس کی صدارت چیئرمین سینیٹ اسٹینڈنگ کمیٹی نجکاری سینیٹر محمد طلال بدر نے کی ، اوزیر نجکاری اورنجکاری کمیشن کے اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی،نجکاری کمیشن نے قومی ایئر لائن کی نجکاری کیلئے بڈنگ (بولی) کی تاریخ میں ایک ماہ کی توسیع کا اعلان کیا تھا۔کمیشن کے مطابق پی آئی اے نجکاری کیلئے بولی یکم اکتوبر کی بجائے 31 اکتوبر کو ہوگی جبکہ معاہدے کے مسودے پر دستخط کی نئی تاریخ 25 اکتوبر مقرر کی گئی، بولی کیلئے پیشگی رقم 28 اکتوبر تک جمع کروائی جا سکتی ہے، ذرائع کے مطابق بولی میں حصہ لینے والے تمام سٹیک ہولڈرز کی جانب سے پی آئی اے کے ملازمین کو فارغ کرنے کا مطالبہ کیا گیا، کوئی بھی سٹیک ہولڈر ملازمین کورکھنے کیلئے تیار نہیں، اس حوالے سے پی آئی اے ملازمین کو دوسال ملازمت سے نہ نکالنے کی شرط رکھی گئی تھی، سٹیک ہولڈرز کی جانب سے ملازمین کو پنشن نہ دینے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے اس حوالے سے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ہے جو بولی دینے والے سٹیک ہو لڈرز کے ساتھ مذاکرات کرے گی ، دوسری جانب پی آئی اے ملازمین میں بے چینی پائی جاتی ہے کہ مستقبل میں ان کی ملازمتوں کا کیا بنے گا۔