اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) ایس آئی ایف سی کی کوششوں سے آئندہ پانچ سال میں 27 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہونے کا امکان ہے۔ اس کے لیے سعودی عرب یو اے ای سمیت مختلف ممالک کے ساتھ منصوبوں کو شیئر کیا گیا ہے اور جلد ہی اس حوالے سے پیش رفت ہوگی۔ سعودی وزیر سرمایہ کاری کی سربراہی میں وفد پاکستان آ رہا ہے، ایس ائی ایف سی کے پلیٹ فارم کی وجہ سے سول ملٹری ورکنگ ریلیشن شپ پر اعتماد بڑھا ہے اور سرمایہ کاروں کو بھی پالیسیوں کے تسلسل پر یقین ہو گا، چین کے وزیراعظم 11 سال بعد پاکستان آ رہے ہیں ان کے دورے کے دوران سی پیک کے فیز ٹو پر بات چیت کو اگے بڑھانے کے لیے کوشش کریں گے۔ ایم ایل ون منصوبہ پر اتفاق موجود ہے اس کے روڈ میپ پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ اس منصوبے پر مرحلہ وار عمل درآمد ہو گا اور پہلے مرحلے میں حیدر آباد سیکشن پر کام شروع کیا جائے گا اور روس کے ساتھ بارٹر ٹریڈ میں بہت مواقع ہیں۔ روس کے ساتھ تجارت میں بعض رکاوٹیں تھیں جن کو دور کر دیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے گزشتہ روز میڈیاکے ساتھ غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر احسن اقبال نے کہا یہ پاکستان کے ترقی کے بہت سے مواقع آئے لیکن بدقسمتی سے ٹیک آف نہیں کیا جا سکا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی پروفیسر احسن اقبال کی زیر صدارت پی بی ایس ڈیٹا فیسٹ 2024ء کی تیاریوں کے لیے جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سمرا، چیف اسٹیٹسٹیشن ڈاکٹر نعیم ظفر اور ممبر محمد سرور گوندل سمیت اہم افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد ڈیٹا فیسٹ 2024ء کے زریعے ڈیٹا کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کو ترقی کے لیے بروئے کار لانا ہے۔ ڈیٹا فیسٹ 2024ء کا مقصد ڈیٹا خواندگی کو فروغ دینا اور ڈیٹا کے سٹریٹجک استعمال کے ذریعے جدت، انضمام اور ترقی کو بڑھانا ہے۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال نے زور دیا کہ ڈیٹا کے ذریعے فیصلہ سازی کو مضبوط بنانا پاکستان کی ہر شعبے میں ترقی کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا، "ڈیٹا معلوماتی فیصلہ سازی کی بنیاد ہے اور یہ بہت ضروری ہے کہ ہم اس سے مکمل طور پر فائدہ اٹھا کر اپنے ملک کی پوری صلاحیت کو بروئے کار لائیں۔"