ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی اسرائیلی حملوں کے باوجود لبنان کے دارالحکومت بیروت پہنچ گئے۔لبنان کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کے جہاز نے بیروت کے رفیق ہریری انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا، یہ ایران کے کسی بھی اعلیٰ سرکاری عہدیدار کا حسن نصر اللہ کی شہادت کے بعد لبنان کا پہلا دورہ ہے۔دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے لبنان پر حملے جاری ہیں اور لبنانی سکیورٹی ذرائع کا بتانا ہے کہ صیہونی فورسز نے جنوبی بیروت میں حزب اللہ سے منسلک امدادی کارکنوں پر حملہ کیا جس میں حزب اللہ کے 3 امدادی کارکن زخمی ہو گئے۔گزشتہ رات اسرائیل کی جانب سے بیروت پر بڑا حملہ کیا گیا جس میں ہدف حزب اللہ کے متوقع سربراہ ہاشم صفی اللہ تھے، اسرائیل نے حملے میں ہاشم صفی اللہ کی ہلاکت کا دعویٰ کیا ہے جبکہ حزب اللہ کی جانب سے تردید یا تصدیق نہیں ہو سکی ہے۔