مریم نواز نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم اسکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا

Oct 04, 2024 | 16:29

ویب ڈیسک

لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے پاکستان کے پہلے سرکاری آٹزم اسکول کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز کی ہدایت پر آٹزم اسکول کی تعمیر ایک سال میں مکمل کر دی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے آٹزم ماہرین کی فوری ہائرنگ کرنے اور آٹزم کے ماہرین کی مشاورت سے پراجیکٹ تیار کرنے کا حکم دے دیا۔اس دوران مریم نواز نے آٹزم اسکول کے ماڈل کا معائنہ کیا جبکہ ان کو پہلے آٹزم اسکول پر بریفنگ دی گئی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلا آٹزم اسکول گراونڈ فلور اور فرسٹ فلور پر مشتمل ہوگا، جونیئر سیکشن کے لیے 11 کلاس رومز اور سینئر سیکشن کے لئے  10کلاس روم بنائے جائیں گے- وزیر اعلیٰ کو بریفنگ دی گئی کہ گراؤنڈ فلور پر کیوبیکل سپیچ سیشن، 10 کلاس روم، تھراپی روم، پیڈز روم، پری ووکیشنل ٹریننگ روم، ڈیلی لیونگ ایکٹیویٹی روم اور کمپیوٹر روم قائم ہوگا، فرسٹ فلور پر 3 کلاس روم، ملٹی پرپز ہال، کمیٹی روم، لائبریری، ریسورس روم اور میٹیریل ڈیولپمنٹ روم قائم ہوں گے۔بریفنگ کے مطابق آٹزم سکول میں مستقبل کے استعمال کے لیے دو مزید فلور بنانے کی گنجائش ہوگی. پاکستان کے پہلے آٹزم سکول میں سیکیورٹی وال، فائر الارم سسٹم، ٹیلی فون ایکسچینج، اوور ہیڈ ریزروائر قائم ہوگا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کا پہلا آٹزم اسکول کا پراجیکٹ میرے دل کے بہت قریب ہے.آٹزم کے شکار بچے ہمدردی اور محبت کے مستحق ہے۔

واضح رہے کہ اس موقع پر سینٹر پرویز رشید، سینئر منسٹر مریم اورنگزیب، وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری، صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، ایم پی اے ثانیہ عاشق، پارلیمانی سیکرٹری نوشین عدنان، چیف سیکریٹری، سیکریٹری تعمیرات، ایس ایم بی آر، سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن، ڈی جی اسپیشل ایجوکیشن، ڈی جی پی آر اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔

مزیدخبریں