بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کا اسلام آباد میں افتتاح کر دیا گیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن کا افتتاح کیا۔اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف نے کہا کہ بحریہ یونیورسٹی کالج آف میڈیسن اسلام آباد اعلیٰ معیار کی طبی تعلیم فراہم کرنے کے لیے ایک مثالی ادارہ ثابت ہو گا۔آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے مختلف شعبوں میں معیاری تعلیم فراہم کرنے میں بحریہ یونیورسٹی کی خدمات اور کامیابیوں کو سراہا۔ریکٹر بحریہ یونیورسٹی وائس ایڈمرل (ر) آصف خالق نے مہمان خصوصی کا کیمپس کی تعمیر میں پاک بحریہ کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نیول چیف نے کیمپس میں موجود مختلف سہولیات کا بھی دورہ کیا اور جدید ترین انفراسٹرکچر کی تعریف کی۔افتتاحی تقریب میں وزارت صحت، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل، ایچ ای سی کے سینئر حکام، بحریہ یونیورسٹی کے سابق ریکٹرز، سول اور ملٹری حکام، فیکلٹی ممبران اور طلباء نے شرکت کی۔