الیکشن کمیشن آف پاکستان نے 3 حلقوں کے ٹربیونل تبدیلی سے متعلق کیس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو دلائل کیلئے آخری موقع دیدیا،ممبر سندھ نثاردرانی کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کے 3 رکنی بنچ نے 3 حلقوں کے ٹریبونل کی تبدیلی سے متعلق کیس کی سماعت کی،پی ٹی آئی کی جانب سے جونیئر وکیل پیش ہوئے اور انہوں نے استدعا کی کہ راستوں کی بندش کی وجہ سے کوئی نہیں پہنچ سکا۔ جواب جمع کرانے اور دلائل کیلئے وقت دیا جائے۔الیکشن کمیشن نے ریمارکس دئیے کہ 9 اکتوبر کو جواب اور دلائل دیئے جائیں، 9 اکتوبر کے بعد کوئی موقع فراہم نہیں ہوگا اور فیصلہ کردیا جائے گا۔بعدازاں الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کیس کی سماعت 9 اکتوبر تک ملتوی ک خیال رہے کہ اس سے قبل الیکشن کمیشن نے انتخابی ٹریبونل تبدیلی کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وکلا کو جواب جمع کروانے کیلئے منگل تک کا وقت دے دیاتھا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 4 رکنی بینچ نے انتخابی ٹربیونل کی تبدیلی سے متعلق کیس کی الیکشن کمیشن میں سماعت کی جس دوران درخواست گزاروں کے وکلا الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے تھے۔ سماعت کے دوران پی ٹی آئی کے وکلا اور مسلم لیگی رکن انجم عقیل کے وکیل نے جواب جمع کرانے کیلئے وقت مانگ لیاتھا۔ چیف الیکشن کمشنر نے پی ٹی آئی کے وکلا کی جانب سے 2 ہفتے کا وقت دینے کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جواب جمع کروانے کیلئے منگل تک کا وقت دے دیاتھا۔ اسی طرح اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن ٹریبیوبل کی تبدیلی کیلئے الیکشن کمیشن کو دوبارہ فیصلہ کرنے کا اختیار دینے کے خلاف پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عامر مغل کی انٹرا کورٹ اپیل قابل سماعت قرار دے دی تھی۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب اور جسٹس ارباب محمد طاہر نے تحریری حکم نامہ جاری کیا جہاں درخواست گزار عامر مغل کی جانب سے فیصل چوہدری ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے تھے۔الیکشن ٹریبیونل تبدیلی کی درخواستوں پر الیکشن کمیشن کو دوبارہ فیصلہ کرنے کے سنگل بینچ کے آرڈر کے خلاف عامر مغل کی انٹرا کورٹ اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ کے ڈویڑن بینچ نے انٹرا کورٹ اپیل پر سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کر دیاتھا۔
ٹربیونل تبدیلی کیس ، الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو دلائل کیلئے آخری موقع دیدیا
Oct 04, 2024 | 19:01