اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج میں آنے والے 412افراد کو گرفتار کرلیا،60 کا تعلق افغانستان سے نکلا، مظاہرین کو بہارہ کہو، ترنول اور سنگجانی سے گرفتار کیا گیا ہے۔ گرفتار مظاہرین میں سے 60 افراد کا تعلق افغانستان سے ہے۔ مظاہرین سے کیل لگے ڈنڈے، غلیل اور کنچے بھی برآمد ہوئے ہیں۔ پی ٹی آئی کے کارکنان کو بارہ کہو، ترنول، سنگجانی سے گرفتار کیا گیا۔ مظاہرین کی گرفتاری کے بعد سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔دریں اثناءاسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی کے کارکنوں کی گرفتاری کیلئے سات ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔ ہر ٹیم میں 15 سے 17 پولیس اہلکار اور افسران کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ سات ٹیمیں اسلام آباد کے مختلف مقامات پر گرفتاریاں کریں گی ہر ٹیم کا انچارج سب اسپکٹر رینک کا افسر ہوگا۔گرفتاری کیلئے تشکیل ٹیموں کی سربراہی ایس پی رینک کا افسر کرے گا، ٹیموں نے مختلف علاقو ں میں کریک ڈاون شروع کر دیا ہے۔ تھانوں کی مدد سے مقامی افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔احتجاج کیلئے آنے والوں کو بھی یہ ٹیمیں گرفتار کریں گی۔واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ہر صورت ڈی چوک اسلام آباد پر احتجاج کا اعلان کیا گیا تھا جس کے پیش نظر انتظامیہ نے کسی بھی نقص امن کے خدشے کے پیش نظر جڑواں شہروں میں دفعہ 144 نافذ کر دی تھی۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں موبائل فون سروسز معطل کی گئی تھی اور سیکورٹی ہائی الرٹ ہے۔ یہ بھی بتایا گیا تھا کہ جڑواں شہروں کو ملانے والے تمام راستے بند کر دئیے گئے تھے اور فیض آباد پل پر ڈبل لیئر کنٹینرز رکھ دیئے گئے ہیں جبکہ اسلام آباد ایکسپریس وے کو بھی مختلف مقامات پر سیل کر دیا گیا تھا۔راولپنڈی اسلام آباد کو ملانے والے راستوں پر پولیس کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی اور راولپنڈی میں میٹرو بس سروس بھی تاحکم ثانی معطل کر دی گئی تھی، شہر بھر میں موٹرسائیکل کی ڈبل سواری بھی ممنوع قرار دی گئی تھی۔ چیرنگ کراس چوک دونوں جانب سے رکاوٹیں کھڑی کرکے بند کر دیا گیا تھاجبکہ ایم ایچ چوک صدر مال روڈ بھی دونوں جانب سے بند کی گئی تھی۔ حیدر روڈ فلیش مین و میڑو اسٹیشن روڈ، مریڑھ چوک چاروں اطراف سے اور مری روڈ بھی مکمل طور پر بند کیاگیاتھا۔ ڈبل روڈ اسٹیڈیم بھی رکاورٹیں کھڑی کرکے بند رکھا گیا تھا۔ ریڈ زون میں داخلہ کیلئے مارگلہ روف سے واحد راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔اسلام آباد جانے والی تمام شاہراوں کو کنٹینرز لگا کر بند کر دیا گیا ہے۔ فیض آباد، ٹی چوک، کھنہ پل، سکستھ روڈ، ڈبل روڈ اور نائینتھ اینویو پر کنٹینرز لگا کر راستے بند کئے گئے تھے۔
پی ٹی آئی کے ڈی چوک پر احتجاج میں آنے والے60 افراد کا تعلق افغانستان سے نکلاہے ، پولیس
Oct 04, 2024 | 19:11