وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نےسیلاب پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا اعلان کرتے ہوئے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ متحد ہوجائیں۔

قومی اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وطن عزیز کواس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا ہے۔ قدرتی آفت سے اب تک سولہ سو افراد جاں بحق اور چھبیس سوزخمی ہوئے ہیں۔ بدترین سیلاب کے باعث ملک کے اناسی اضلاع شدید متاثر ہوئے ہیں۔ جن میں خیبرپختونخوا کے چوبیس، پنجاب کے بارہ، سندھ کے انیس اور بلوچستان کے دس اضلاع شامل ہیں۔ یوسف رضا گیلانی نے بتایا کہ سیلاب کے باعث چودہ لاکھ ایکڑ پر کھڑی تیارفصلیں تباہ ہوگئی ہیں۔ سیلاب زدہ علاقوں میں چار سو انسٹھ مراکز صحت اور تینتیس ہزار سے زائد لیڈی ہیلتھ ورکرز کام کررہی ہیں۔ ملکی وغیرملکی امداد کے حوالے سے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مختلف ممالک سے امدادی سامان کی ایک سو تہتر پروازیں پاکستان پہنچی ہیں۔ اس کے علاوہ وزیراعظم ریلیف فنڈ میں چارارب روپے جمع ہوئےہیں۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرین کو فی خاندان بیس ہزا ر روپے فراہم کرنے کے علاوہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی مد میں مزید تین ہزار بھی دیے جائیں گے۔ اپنے خطاب میں وزیراعظم نے سیاسی جماعتوں سے اپیل کی کہ وہ سیلاب سے نمٹنے کیلئے متحد ہوجائیں۔

ای پیپر دی نیشن