صوبہ خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات میاں افتخارحسین نے کہا ہے کہ دہشت گرد دوبارہ منظم ہورہے ہیں، اگران کا خاتمہ نہیں کیا گیا تو ملک کا نقشہ یہ نہیں رہے گا۔

میاں افتخارحسین وزیراعلٰی ہاؤس پشاورمیں میڈیا کو سیلاب سے متعلق بریفنگ دے رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مہمند ایجنسی ، خیبر ایجنسی اور درہ آدم خیل میں موجود دہشتگرد پشاور کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔ ان علاقوں میں سب سے پہلے موثر کارروائی ہونی چاہیے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی حکومت لاہور میں عزاداروں کے جلوس اور کوئٹہ میں القدس ریلی پر حملوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔ سیلاب کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حالیہ سیلاب اور بارشوں سے تباہ ہونے والے مکانات کے مالکان کوفی کس بیس ہزار روپے صوبائی حکومت کی طرف سے دیئے جائیں گے جبکہ مرکزی حکومت کی جانب سے مالی امداد الگ ہوگی۔ متاثرین یہ پیسے صرف کیش کارڈز کے ذریعے وصول کرسکیں گے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ سیلاب کی وجہ سے دریاؤں کے تباہ ہونے والے پلوں کو دوبارہ تعمیر کرکے ان کی استطاعت کو دوگنا کریں گے۔

ای پیپر دی نیشن