برکی روڈ پر بیس ہزار سے زائد گھروں پر مشتمل ”آشیانہ سٹی“ بسایا جائیگا : شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ لاہور میں برکی روڈ پر 20 ہزار سے زائد گھروں پر مشتمل ”آشیانہ سٹی“ بسایا جائے گا اور یہ منصوبہ بھی فن تعمیر کا اعلیٰ شاہکار اور معیار و شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہو گا، عام اور غریب آدمی کے اس منصوبے میں تمام جدید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے منصوبے کے حوالے سے تمام پہلوﺅں کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ سات روز میں جامع پلان پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وہ گذشتہ روز آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم پراجیکٹ سروبہ اٹاری کے مقام پر صوبے کے مختلف اضلاع میں آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں کے منصوبوں پر عملدرآمد اور نئے منصوبوں کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ شہباز شریف نے کہا کہ صوبے میں عام آدمی کو اپنی چھت فراہم کرنے کا تمام تر کریڈٹ مسلم لیگ (ن) کو جاتا ہے جس نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم کے ذریعے بے گھر افراد کے اپنے گھر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی 63 سالہ تاریخ میں اشرافیہ کے لئے تو بہترین منصوبے بنائے گئے لیکن آشیانہ سکیم کا منصوبہ غریبوں، بیواﺅں، یتیموں اور مزدوروں کے لئے ہے اور ان منصوبوں میں انہیں اشرافیہ کی کالونیوں سے بڑھ کر سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور میں آشیانہ 2 کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے اور 21 ہزار گھروں پر مشتمل اس منصوبے کو مستقبل کے تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا اور یہاں انڈسٹریل اسٹیٹ، سکول، کالجز، ہسپتال، بس ٹرمینل سمیت تمام جدید سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ آشیانہ سٹی کے حوالے سے فزیبلیٹی ڈایزئن، فنانشنل ماڈل، مارکیٹنگ سمیت تمام امور کو مدنظر رکھتے ہوئے پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ آئندہ سات روز میں بریفنگ دے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ تمام نئی آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں میں تین مرلہ پر تین منزلہ گھر تعمیر کئے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ غریب افراد اس سکیم سے مستفید ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ سروبہ اٹاری کے مقام پر پہلی آشیانہ ہاﺅسنگ سکیم میں مزید 500 گھر 15 ستمبر تک مکمل کر لئے جائیں گے جبکہ دیگر گھروں کو بھی تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے علاوہ ساہیوال، سرگودھا، جہلم اور فیصل آباد میں آشیانہ ہاوئسنگ سکیموں پر کام جاری ہے، ساہیوال، جہلم اور فیصل آباد میں اہل افراد سے گھروں کی الاٹمنٹ کے لئے درخواستیں بھی طلب کر لی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں میں کاٹیج انڈسٹری کے فروغ کے لئے بھی منصوبہ بندی کی جائے اور اس ضمن میں ٹیوٹا و پنجاب ووکیشنل ٹریننگ کونسل کی مشاورت سے پلان مرتب کیا جائے تاکہ ان سکیموں میں بسنے والے نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کو ہنرمند بنا کر اپنا روزگار کمانے کے قابل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ برکی روڈ پر آشیانہ سٹی کے لئے بہترین ڈیزائن مرتب کیا جائے اور عوام کی سہولت کے لئے اس منصوبے کے لئے کئی رابطہ سڑکیں ہونی چاہئیں۔ انہوں نے آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں کے لئے ڈائریکٹر پنجاب لینڈ ڈویلپمنٹ بورڈ خواجہ منصور کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ عام اور غریب آدمی کے فلاحی منصوبے میں ان کی بلامعاوضہ خدمات قابل تحسین ہیں۔ انہوں نے بیواﺅں، یتیموں اور شہدا کے لئے اس منصوبے میں پنجاب حکومت سے تعاون پر بحریہ ٹاﺅن کے ملک ریاض کا بھی شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے خواجہ منصور کی سربراہی میں ایک ٹیکنیکل کمیٹی بھی تشکیل دینے کی ہدایت کی جو آشیانہ سٹی کے حوالے سے تمام پہلوﺅں کا جائزہ لیکر اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ انہوں نے پہلی آشیانہ سکیم میں ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو ہدایت کی کہ وہ صوبے بھر کا دورہ کریں اور آشیانہ ہاﺅسنگ سکیموں کے لئے سرکاری اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کریں۔
شہباز شریف

ای پیپر دی نیشن