عالمی معیشت نئے ”ڈینجر زون“ کی جانب بڑھ رہی ہے: ورلڈ بینک

بیجنگ (اے پی پی) عالمی بنک کے سربراہ رابرٹ زوئیلک نے کہا کہ عالمی معیشت ایک نئے ”ڈینجر زون“ کی طرف بڑھ رہی ہے۔ بیجنگ میں چین کے اقتصادی مستقبل کے موضوع پر کانفرنس سے خطاب میں رابرٹ زوئیلک نے چین پر زور دیا کہ وہ برآمدات پر انحصار کرنے والی معیشت کو مقامی ضروریات پر انحصار کرنے والی معیشت میں بدلنے کیلئے ڈھانچہ جاتی اصلاحات کے عمل میں تیزی لائے۔ انہوں نے کہاکہ یورپ کا اقتصادی بحران اس وقت ریاستی قرضوں کے بحران میں تبدیل ہوچکا ہے جس کے نہ صرف بنکوں اور دیگر مالیاتی اداروں پر خطرناک اثرات مرتب ہوسکتے ہیں بلکہ بعض ممالک کی مسابقتی صلاحیتیں بھی اس سے متاثر ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے امریکہ پر زور دیا کہ وہ تعطل کا شکار اقتصادی پالیسی کی بحالی کے ساتھ ساتھ قرضوں اور اخراجات میں کمی اور نجی شعبہ کی نمو میں اضافہ کیلئے ٹیکس اصلاحات کے حوالہ سے فوری اور موثر اقدامات کرے۔ انہوں نے کہا کہ چین کو اس وقت عالمی پس منظر میں نمو کی شرح میں کمی اور زوال کا شکار اعتماد کے چیلنج درپیش ہیں لیکن مستقبل قریب میں چین کو مزید چیلنج کا سامنا بھی ہوسکتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن