حافظ آباد (نمائندہ نوائے وقت) حافظ آباد کے نواحی گاﺅں پیرے دا کوٹ میں بااثر افراد نے طالبات کو کالج چھوڑنے کےلئے جانے والے 13 سالہ رکشہ ڈرائیور کو راستہ نہ دینے پر ڈنڈوں، سوٹوں سے وحشیانہ تشدد کرتے ہوئے ہلاک کر دیا۔ ورثا نے ونیکے چوک میں نعش رکھ کر شدید احتجاج کیا۔ تفصیلات کے مطابق پیرے دا کوٹ کا رہائشی رکشہ ڈرائیور فاروق طالبات کو کالج چھوڑنے کےلئے شہر آرہا تھا کہ راستہ میں بااثر افراد بشیر اور یامین وغیرہ نے گاڑی کو راستہ نہ دینے پر ساتھیوں کے ہمراہ ڈنڈوں، سوٹوں سے وحشیانہ تشدد شروع کر دیا جس سے رکشہ ڈرائیور فاروق نے موقع پر تڑپ تڑپ کر جان دے دی۔ بااثر ملزمان کے خوف سے کوئی بھی دیہاتی اسے چھڑانے کےلئے نہ آیا، مقتول کا والد اپنے اکلوتے بیٹے کے قتل ہونے پر اپنا ذہنی توازن کھو بیٹھا۔ مقتول کے ورثا نے احتجاجاً نعش ہسپتال سے اٹھا کر ونیکے چوک میں رکھ کر مظاہرہ کیا۔ دوسری جانب پولیس نے دو ملزمان بشیر اور یامین کو گرفتار کر لیا۔