”دہشت گرد علم سے خوفزدہ ہیں“ ملالہ نے برمنگھم میں یورپ کی سب سے بڑی لائبریری کا افتتاح کر دیا

Sep 04, 2013

برمنگھم (نیٹ نیوز+ اے ایف پی) گذشتہ برس سوات میں طالبان کے حملے میں زخمی ہونیوالی طالبہ ملالہ یوسف زئی نے گذشتہ روز برمنگھم میں یورپ کی سب سے بڑی پبلک لائبریری کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کو کتابوں اور تعلیم کے ذریعے ہی شکست دی جا سکتی ہے، دہشت گرد علم کی روشنی پھیلنے سے خوفزدہ ہیں، تعلیم دنیا میں امن قائم کرنے کے لئے بہت اہم ہے، علم سے بڑا کوئی ہتھیار نہیں اور علم کا ذریعہ لکھے ہوئے الفاظ سے زیادہ کوئی نہیں۔ ملالہ نے کہاکہ پاکستان کے بعد برمنگھم میرا دوسرا گھر ہے۔ یہاں کے لوگوں نے مجھے پیار دیا خود پر حملے کے بعد میں نے عزم کیا ہے کہ میں ہزاروں کتابیں پڑھوں گی اور علم حاصل کرونگی۔ انہوں نے کہا سکول میں ایک ذہین طالبہ تھی مگر دہشت گردوں کے حملے سے میرے تعلیمی سفر میں تعطل آگیا۔ پاکستان میں طلبہ کو دہشت گردی کے علاوہ جبری مشقت، غربت سمیت اہم مسائل کا سامنا ہے۔ واضح رہے کہ برمنگھم کی یہ لائبریری 18کروڑ 90 لاکھ پاﺅنڈ کی لاگت سے تعمیر کی گئی ہے۔ اس میں عوام کیلئے 200 کمپیوٹر، تھیٹر، ایک نمائشی گیلری اور 10لاکھ کتابیں موجود ہیں۔ ملالہ نے لائبریری میں برازیل کے عالمی شہرت یافتہ مصنف پاﺅلو کوئلہ کے مشہور ناول ”الکھسٹ“ کی اپنی کاپی رکھی۔ ملالہ کو لائبریری کے آرکائیوز تک رسائی کی رکنیت بھی دی گئی۔

مزیدخبریں