واشنگٹن (نمائندہ خصوصی+آن لائن+ بی بی سی)دولتِ اسلامیہ کی جانب سے امریکی صحافی سٹیون سوٹلفوف کا سر قلم کرنے کی ویڈیو کی تصدیق کے بعد امریکی صدر براک اوباما نے کہا ہے کہ امریکہ اس سے خوف زدہ نہیں ہو گا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر اوباما نے خبردار کیا کہ ’ہمارے ہاتھ لمبے ہیں اور داعش کو تباہ کر دیں گے۔ادھر عراق اور شام میں سرگرمِ عمل شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کی جانب سے امریکی مغوی سٹیون سوٹلوف کے قتل کی جاری کردہ ویڈیو پر دنیا بھر میں احتجاج کیا گیا ہے۔اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کہا کہ یہ عمل ایک ’نفرت انگیز جرم‘ ہے۔امریکہ نے خبر دی ہے کہ اس ویڈیو کی تصدیق ہو گئی ہے۔ اس سے قبل اس نے کہا تھا کہ اگر یہ ویڈیو درست ہے تو یہ ’بیمارانہ بربریت‘ کی مثال ہو گی۔برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس معاملے پر غور کرنے کے لیے کوبرا ہنگامی کمیٹی کا اجلاس طلب کر لیا ہے۔دولتِ اسلامیہ کی طرف سے نشر کی جانے والی ویڈیو میں مبینہ طور پر ایک مغوی امریکی صحافی سٹیون سوٹلوف کا سر قلم کرتے دکھایا گیا ہے۔سٹیون سوٹلوف سنہ 2013 میں شام میں لاپتہ ہو گئے تھے۔ بی بی سی کے مطابق امریکی کارروائیوں کے جواب میں دولتِ اسلامیہ نے سرقلم کرنے کا طریقہ اختیار کیا ہے۔اس ویڈیو کو ’امریکہ کے نام دوسرا پیغام‘ کا عنوان دیا گیا ہے۔ اس کا دورانیہ تقریباً ڈھائی منٹ ہے اور اسے بظاہر ایک صحرا میں فلمایا گیا ہے۔ ادھر امریکہ کے صدربا راک اوباما کو دولت اسلامیہ کی کارروائیوں نے مزید 350 امریکی فوجی عراق بھیجنے پر مجبور کر دیا ہے۔ بظاہر یہ فوجی بغداد میں قائم امریکی سفارت خانے کی حفاظت پر تعینات دستے میں شامل ہوں گے۔ عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ان فوجیوں کے عراق پہنچنے کے بعد وہاں قائم امریکی سفارتی تنصیبات کی حفاظت پر مامور امریکی فوجیوں کی تعداد 820 ہوجائے گی۔ وائٹ ہاوس کا کہنا ہے کہ صدر اوباما عراق اور شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولتِ اسلامیہ کیخلاف ایک مضبوط علاقائی اتحاد تشکیل دینے کے لیے اپنی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو بھی مشرقِ وسطیٰ بھیج رہے ہیں۔ دریں اثنا صدر اوباما برطانیہ کے دورے پر لندن پہنچ گئے۔
امریکی صحافی کے قتل کی ویڈیو پر دنیا بھر میں احتجاج، ہمارے ہاتھ لمبے ہیں، داعش کو تباہ کر دیں گے: اوباما، عراق میں350 فوجی بھیجنے کا حکم
Sep 04, 2014