کابل (آئی این پی ) افغان حکام نے ایک بار پھر الزام عائد کیا ہے کہ پاک فوج نے سرحد پار سے صوبہ کنٹر میں 100 راکٹ فائر کئے ہیں تاہم کوئی بھی جانی نقصان نہیں ہوا۔بدھ کو افغان میڈیا کے مطابق صوبائی پولیس کے سربراہ جنرل عبدالحبیب سید خیل کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے مشرقی صوبہ کنٹر میں منگل کی رات 100 راکٹ فائر کئے جو ضلع دانگام اور سہگل میں گرے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔سید خیل کا کہنا ہے کہ سرحد پار سے شیلنگ شروع ہونے کے بعد سے متاثرہ علاقوں سے درجنوں خاندان اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوچکے ہیں۔کنٹر کے مقامی حکام کا کہنا ہے کہ حکومتی احتجاج کے باوجود سرحد پار سے راکٹ حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔