اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت؍ایجنسیاں) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جس دن سچ بولا وہ ان کی سیاست کا آخری دن ہو گا دھرنے والے اپنے حق کیلئے جدوجہد کر رہے ہیں اسمبلی میں دھرنے والوں کو بلوائی، خانہ بدوش کہنا 18کروڑ عوام کی توہین ہے، عوام ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں میری خواہش تھی کہ عمران اور قادری اکھٹے ہوں پانچ اوورز کا میچ باقی رہ گیا ہے ابھی امپائر کی انگلی اس کے سفید کوٹ کی جیب میں ہے، عمران وکٹ لے کر جائیں گے مجھ پر جو الزامات لگائے جا رہے ہیں وہ غلط ہیں، نواز شریف آئین کے آرٹیکل 63/62 پر پورے نہیں اترتے ہیں نواز شریف کو حکومت کرتے 31سال ہو گئے ہیں اتنے عرصہ میں اگر مخلص طریقہ سے کام کیا جاتا تو ملک کی تقدیر بدلی جا سکتی تھی انہوں نے مال بنانے اور خاندان کو اقتدار سے نوازنے کی کوشش کی۔ اب آزادی کا وقت آگیا ہے امید ہے آئندہ چند دنوں میں الطاف حسین اور آصف زرداری بھی کوئی بہتر فیصلہ کریں گے، آصف علی زرداری خورشید شاہ کو پیچھے کر کے اعتزاز احسن کو سامنے لائے یہ دونوں جماعتیں جلد عوام کے حق میں آواز اٹھانے والی ہیں، امید ہے وہ قوم کو حکمرانوں کے چنگل سے نکالنے کیلئے آگے بڑھیں گے۔ تاریخ میں پہلی بارسپریم کوٹ کے چیف جسٹس کو اپنی صفائی دینا پڑ رہی ہے، نواز شریف سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، اس بات میں اب کوئی شک نہیں رہا کہ اسمبلیاں دھاندلی سے وجود میں آئی ہیں، حکمرانوں کے چہرے عوام کے سامنے بے نقا ب ہوچکے ہیںوزیر داخلہ نے اسمبلی میں جھوٹ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ان کے خلاف 9مقدمات درج کیے جاچکے ہیں مجھے اس بغاوت کا ماسٹر مائنڈ قرار دیا گیا ہے ۔ ایسا سوچنے والے عقلمندوں پر ماتم کرنے کو جی چاہتا ہے۔ ٹرین کسی مسافر کا انتظار نہیں کرتی نواز شریف ٹرین مس کر چکے ہیں انہوں نے 16ماہ ضائع کردیئے ، اب مشکل وقت میں انہیں اسمبلی اور سینٹ یاد آیا؟ جاوید ہاشمی کو بچپن سے جانتا ہوں وہ ایسی باتیں کرتے رہتے ہیں دھرنے کو پی ایم سیکرٹریٹ کے سامنے جانے کا مشورہ عمران خان کو میں نے نہیں دیا۔ میں استعفیٰ دوں گا نہیں بلکہ لوں گا، پہلے نواز شریف سے استعفیٰ لوں گا پھر خود دوں گا۔
پہلے نواز شریف سے استعفیٰ لوں گا پھر خود دونگا: شیخ رشید
Sep 04, 2014