اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) سینیٹر چوہدری اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ سانحہ لاہور کی مذمت کرتا ہوں شیخ رشید نے پارلیمنٹ اور سیکرٹریٹ خالی کرانے میں کردار ادا کرنے کی عدالت کو یقین دہانی کرائی ہے حکومت کے خلاف دھرنا پارٹیوں کے الزامات میں صداقت ہے مگر وزیر اعظم کے گلے پر گھٹنا رکھ کر الزامات کو منوانا غلط ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے استعفیٰ لینے کا طریقہ کار غلط ہے، پارٹیوں نے معاہدہ کیا تھا کہ ریڈ زون میں داخل نہ ہوں گے پھر خلاف ورزی کیوں کی گئی پارلیمنٹ کے لان میں خیمہ بستی کیوں آباد ہے کیا جمہوری ملک میں پارلیمنٹ کی یہ عزت ہے؟ کیا مطالبات اس طرح منوائے جاتے ہیں اگر کوئی بڑا لشکر لے کر آ جائے اور کہے کہ ایٹمی پروگرام رول بیک کرو تو کیا اس کے مطالبات مان لیے جائیں گے؟ حکومت کا حمایتی نہیں ہوں یہ ضرور کہوں گا کہ وزیر داخلہ اس عہدے کے لائق نہیں ہیں۔