لاہور (خصوصی نامہ نگار/ لیڈی رپورٹر) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ دور حاضر میں عالمی استعماری قوتوں نے امت مسلمہ پر تہذیبی یلغار کرتے ہوئے اسلامی شعائر کو ہدف بنا کر رکھا ہے، ناموس رسالت، اخلاقی اقدار، جہاد، خاندانی نظام کے ساتھ ساتھ حجاب ان کا خصوصی ہدف ہے۔ مغرب اور یورپ کو اتنا خطرہ ایٹم بم سے نہیں جتنا کپڑے کے معمولی ٹکڑے (حجاب) سے ہے، مغرب اسلامی تہذیب و ثقافت کی علامات مٹانا چاہتا ہے تاکہ اسلام کے بڑھتے قدم روک سکے، ہر جگہ اسلام کو انتہا پسندی، قدامت پسندی اور دہشت گردی سے جوڑا جا رہا ہے، فرانس، ہالینڈ اور ڈنمارک میں حجاب پر پابندی عائد کی جا چکی ہے، جرمنی اور دیگر مغربی ممالک میں حجاب استعمال کرنے والی طالبات اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اللہ کے حکم اور شریعت محمدیؐ سے بغاوت کرنے والوں کو دنیا اور آخرت میں ذلت و رسوائی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔ اسلام نے حجاب کو عورت کا تحفظ قرار دے کر اسے معاشرے کیلئے قابل احترام ہستی بنایا، خواتین کو ہر قسم کے انتخاب میں ووٹ کا حق ملنا چاہیے۔ خواتین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے کہا کہ حکومت کی آئینی ذمہ داری ہے کہ وہ ملک میں اسلامی نظام کے مطابق زندگی گزارنے کی سہولتیں دے۔ حجاب عورتوں کیلئے محض ڈیڑھ گز کا ٹکڑا سر پراوڑھ لینے کا نام نہیں بلکہ یہ پورا نظام اخلاق ہے جو ہماری پوری زندگی کا احاطہ کیے ہوئے ہے ۔اسلامی نظام زندگی معاشرے کو پاکیزگی اور حیا عطا کرتا، عورت کو عزت و تکریم دیتا ہے۔ دنیا میں عورت کی آزادی کا اصل تصور اسلام نے چودہ سو سال قبل پیش کیا۔ عالمی یوم حجاب پر انٹرنیشنل وومن یونین اور جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی کاوشیں قابل قدر اور مبارک باد کی مستحق ہیں۔ رب العالمین کا عطا کردہ معیار شرف و عزت ہے۔ 4ستمبر عالمی یوم حجاب کو حکومتی سطح پر منانے کا اعلان کیا جائے۔ حکومت عالمی برادری کو یہ پیغام دے کہ حجاب مسلمان عورت کا بنیادی حق ہے۔ عورت کے حیا اور حجاب کے کلچر کو اجاگر کیا جائے۔ حجاب والی طالبات اور خواتین پر تعلیم اور ملازمت کے دروازے بند نہ کیے جائیں۔ موجودہ اور سابقہ ادوار میں قومی دولت لوٹنے والوں کا بے لاگ اور کڑا احتساب ہو اس معاملے میں کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہ کی جائے۔ 68سال تک حکومت کرنے والے آمروں اور نام نہاد جمہوری حکمرانوں نے ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا عوام کے منہ سے روٹی کا آخری نوالہ چھین لینے کی کوشش کی۔ یہ سانپوں اور بچھوئوں سے بدتر لوگ ہیں جنہوں نے ملک وقوم کے جسم میں زہر گھول دیا ہے ہماری آنے والی نسلوں کو بھی آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کا مقروض بنا کر ان کے پائوں میں غلامی کی بیڑیاں پہنا دی ہیں۔ جماعت اسلامی پر لوگوں نے اعتماد کیا اور حکومت کرنے کا موقع ملا تو ہم ان لٹیروں کے گریبانوں میں ہاتھ ڈال کر قومی دولت کی ایک ایک پائی نکلوائیں گے۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ذکیہ شاہنواز اور سمیحہ راحیل قاضی سے بھی خطاب کیا۔