اسلام آباد (صباح نیوز) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ الیکٹرانک میڈیا کے لیے ضابطۂ اخلاق پر اتفاقِ رائے نہایت مثبت پیش رفت ہے۔ ملک کی تعمیر و ترقی اور قومی مفادات کے حوالے سے میڈیا کا کردار ہمیشہ اہم رہا ہے اور حکومت میڈیا کی آزادی پر مکمل یقین رکھتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے جمعرات کو میڈیا کے لیے ضابطۂ اخلاق کمیٹی کے سربراہ اور قومی امور کے لیے وزیر اعظم کے معاونِ خصوصی عرفان صدیقی سے ملاقات کے دوران کیا۔ بیان کے مطابق وزیر اعظم نے ضابطۂ اخلاق کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا اور توقع ظاہر کی کہ ضابطۂ اخلاق پر عمل درآمد کے لیے سنجیدہ کوششیں کی جائیں گی۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ دہشت گردی، فرقہ واریت اور انتہا پسندی جیسے مسائل کے خاتمے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ قوم کو انتہا پسندی سے نجات دلانے کے لئے اجتماعی کاوش کی ضرورت ہے۔ ملاقات میں عرفان صدیقی نے وزیر اعظم کو نئے ضابطۂ اخلاق کے بارے میں بریفنگ بھی دی۔ وزیراعظم نواز شریف نے مائع قدرتی گیس کے دوسرے ٹرمینل کے قیام کی منظوری دیتے ہوئے کہا ہے کہ فنڈز کی منظوری کے بعد کسی تاخیر کے بغیر منصوبے پر کام شروع کیا جائے گا، دوسرا ٹرمینل آئندہ سال کے آخر تک مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم کی زیر صدارت ایل این جی پلانٹس کی تنصیب سے متعلق اجلاس ہوا، جس میں ایل این جی سے چلنے والے پاور پلانٹس کی تنصیب پر پیشرفت کا جائرہ لیا گیا۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے 3600 میگا واٹ کے ایل این جی پلانٹس سے متعلق بریفنگ دی۔ انہوں نے صنعتی اور گھریلو شعبوں کی سہولت کیلئے پلانٹس پر کام تیز کیا جائے۔ دریں اثناء وزیراعظم محمد نواز شریف سے ’’ایرا‘‘ کے ڈپٹی چیئرمین میجر جنرل محمد عظیم آصف نے ایوان وزیراعظم میں الوداعی ملاقات کی۔