امریکہ نے یوکرائن بحران کے نام پر نئی پابندیاں لگائیں تو سخت ردعمل کا اظہار کرینگے: روس

Sep 04, 2015

ماسکو (اے این این) روس نے خبردار کیا ہے کہ یوکرائنی بحران کے نام پر نئی پابندیاں عائد کی گئیں تو سخت ردعمل کا اظہار کیا جائے گا۔ روسی وزارت خارجہ نے اپنے ویب سائٹ پر جاری کئے گئے بیان میں کہا ہے کہ نئی پابندیوں کے خلاف روس جوابی اقدامات کرے گا جو کہ ضروری نہیں کہ امریکی پابندیوں کے منعکس ہوں۔ روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکہ اس غلط فہمی میں نہ رہے کہ ان کے اقدامات کے منفی نتائج برآمد نہیں ہوں گے۔ امریکی حکومت نے اپنے وفاقی رجسٹرڈ ویب سائٹ پر بدھ کو واضح کیا کہ روس پر پابندیوں کو مزید سخت کرکے ان میں مزید 29 افراد کو شامل کیا جا رہا ہے اور یہ کہ یہ وہی 29 افراد ہیں جو روسی قومی سلامتی کے لئے اور خارجہ پالیسی کے مفاد کے لیے کام کرتے رہے ہیں۔ روس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا کہ موجودہ پابندیوں کو زیادہ مؤثر بنانے کے لئے امریکہ کے اٹھائے گئے اقدامات بین الاقوامی قوانین کے خلاف ہیں اور یوکرائن بحران کے تنازعہ کو ہوا دینے کا باعث بنیں گے۔

مزیدخبریں