لاہور (سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کی نئی انتظامیہ نے پانچویں سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ کی تیاری کے لیے 62 کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں طلب کر لیا ہے۔ پہلا موقع ہے کہ جونیئر کھلاڑیوں کو اتنی بڑی تعداد میں کیمپ کے لیے مدعو کیا گیا ہے۔ اعلامیے کے مطابق کھلاڑیوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ آج بروز جمعہ ہیڈ کوچ طاہر زمان کو نصیر بندہ ہاکی سٹیڈیم رپورٹ کریں۔ کیمپ میں 9 گول کیپرز شامل ہیں۔ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے تربیتی کیمپ کے لیے کھلاڑیوں کے اعلان سے 24 گھنٹے قبل جونیئر ٹیم مینجمنٹ کا بھی اعلان کیا جس میں طاہر زمان ہیڈ کوچ، اولمپیئن ذیشان اشرف اور انٹرنیشنل ایم عرفان معاون کوچ شامل ہیں۔ واضح رہے کہ سلطان آف جوہر جونیئر ہاکی ٹورنامنٹ 11 سے 18 اکتوبر تک ملائیشیا کے شہر جوہر بارو میں کھیلا جائیگا۔