جھنگ(نامہ نگار)قائد تحریک انصاف کی کال پر ضلع جھنگ سے مختلف قافلے لاہور احتساب ریلی میں شمولیت کے لیے روانہ ہوئے ۔ضلع جھنگ سے جانے والے قافلے سید ثمر عباس بخاری جنرل سیکرٹری ضلع پی ٹی آئی ،غازی خان صدر ضلع جھنگ،سٹی صدر منان کوکب ،سینئر نائب صدر آصف ڈھڈی،کرنل غضنفر قریشی،رائے تیمور بھٹی،میجر سرور،آفتاب عیسیٰ ،مہر نواز بھبھڑانہ ،علی عباس کملانہ اور دیگر کی قیادت میں روانہ ہوئے ۔ضلعی رہنماﺅں نے روانگی سے قبل میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ اس وقت ملک میں دہشت گردی کے بعد اگر کوئی دوسری چیز ہے تووہ معاشی دہشت گردی ہے ۔شریف خاندان حکومت تو پاکستان میں کرتا ہے مگر ان کا کاروبار اور پیسہ ملک سے باہر ہے اپنے علاج کے لیے وہ غیر ممالک کا سفر کرتے ہیں ۔غریب عوام کا پرسان حال نہیں نوجوان بے روز گاری کے باعث خود کشی کرنے پر مجبور ہیں عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہی ہے ہر لحاظ سے ملک مسائل وبحرانوں کا گڑھ بن چکا ہے جس کی وجہ صرف موجودہ شاہی خاندان ہے۔ احتساب ریلی عوام کو مسائل سے نکالنے کے لیے ہے ۔قائد پی ٹی آئی عمران خان نے عوام کو شاہی خاندان سے چھٹکارہ دلانے اور مسائل سے نکالنے کے لیے احتساب کا راستہ اختیار کیا ہے کیونکہ اب وقت آگیا ہے کہ ان حکمرانوں کا احتساب کیا جائے اور عوام کی لوٹی ہوئی دولت کو واپس لایا جائے گا۔
”شاہی خاندان کی وجہ سے ملک مسائل و بحرانوں کا گڑھ بن چکا ہے“
Sep 04, 2016