نیویارک (اے پی پی) امریکہ کے شہر نیویارک میں برطانوی قونصل خانے کے باہر بیسیوں پاکستانیوں نے الطاف حسین کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور برطانوی حکومت سے الطاف حسین کے خلاف اقدامات کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین برطانیہ کی حکومت سے مطالبہ کررہے تھے کہ وہ پاکستان مخالف سرگرمیوں کیلئے الطاف حسین کو برطانیہ کو بطور مرکز استعمال کرنے سے روکیں۔ مظاہرین نے اس موقع پر پاکستان کے حق اور الطاف حسین کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور کہا کہ الطاف حسین نفرت انگیز نعروں اور تقاریر کے ذریعے ملک میں تشدد کو فروغ دے رہے ہیں۔ مظاہرین نے پاکستانی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے برطانوی حکومت کی توجہ الطاف حسین کی مجرمانہ سرگرمیوں کی طرف مبذول کرائی اور کہا کہ برطانیہ کو اپنی سرزمین کو دہشتگردوں اور منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دینی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ الطاف حسین اپنی نفرت انگیز تقاریر کے ذریعے ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں تشدد کو بڑھاوا دے رہے ہیں۔ مظاہرے میں پاکستانی اور کشمیری تنظیموں جن میں پاک یو ایس اے فریڈم فورم بھی شامل ہے نے شرکت کی۔ مظاہرے سے کامریڈ شاہد ، ڈاکٹر محمد شفیق اور آزاد کشمیر کونسل کے سابق ممبر سردار سرور خان نے بھی خطاب کیا۔