ملتان (آئی این پی) سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے آرٹیکل 58 ٹو بی کا ہر صدر نے فرض سمجھ کر استعمال کیا۔ ہم نے 58 ٹو بی کا اختیار صدر سے لے لیا تو افتخار چودھری نے اسکا اطلاق مجھ پر کیا۔ میثاق جمہوریت پر بے نظیر بھٹو نے دستخط کئے تھے۔ 2008 کے انتخابات میں نواز شریف حصہ نہیں لینا چاہ رہے تھے۔ آصف زرداری نے انہیں الیکشن میں حصہ لینے پر راضی کیا۔ مجھے نہیں معلوم تھا میں وزیراعظم بنوں گا اور 73ء کا آئین بحال کرائوں گا۔ ملتان میں پیپلز لائرز فورم کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے صدر نے بھی ہمارے خلاف 58 ٹو بی استعمال کیا۔ ہم نے 58 ٹو بی کا خاتمہ کیا۔ پیپلز پارٹی نے عدلیہ کی بحالی کے لیے بڑی قربانیاں دیں۔ تقریب میں مخدوم احمد محمود‘ ڈاکٹر جاوید صدیقی‘ شیخ غیاث الحق و دیگر نے بھی شرکت کی۔ وکلا کنونشن کے دوران سٹیج ٹوٹ گیا جس سے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی حادثے سے بال بال بچ گئے۔ سٹیج ٹوٹنے سے ڈائس گر گیا۔
ہر صدر نے 58 ٹو بی کو فرض سمجھ کر استعمال کیا: یوسف رضا گیلانی
Sep 04, 2016