ایلسٹر کک کا بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہونے کا فیصلہ

Sep 04, 2018

لندن ( بی بی سی ڈاٹ کام )انگلینڈ کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز ایلسٹر کک انڈیا کے خلاف جاری ٹیسٹ سیریز کے پانچویں اور آخری میچ کے بعد بین الاقوامی کرکٹ سے ریٹائر ہو رہے ہیں۔اوپنر بلے باز 33 سالہ ایلسٹر کک نے انگلینڈ کی جانب سے 160 ٹیسٹ میچوں میں 32 سینچریاں اور 12254 رنز بنائے ہیں جو انگلینڈ کی طرف سے ریکارڈ ہے۔انسٹھ ٹیسٹ میچوں میں انگلینڈ ٹیم کی قیادت کرنے والے ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ ’میرے میں اور ہمت نہیں ہے۔‘انگلینڈ اور انڈیا کے درمیان پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز جس میں انگلینڈ کو 3-1 کی ناقابل شکست برتری حاصل ہے کا آخری میچ جمعہ سے اوول میں کھیلا جانے والا ہے۔ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے بازوں کی فہرست میں کک کا چھٹا نمبر ہے اور وہ بطور اوپنر ریکارڈ 11627 رنز بھی سکور کر چکے ہیں۔ایلسٹر کک کا کہنا ہے کہ ’میں وہ سب کچھ حاصل کر چکا ہوں جس کے بارے میں کبھی سوچ بھی نہیں سکتا تھا اور مجھے فخر ہے کہ میں نے اتنا طویل عرصہ انگلش کرکٹ کے بعض گریٹس کے ہمراہ کھیلا۔‘جہاں ایلسٹر کک نے اتنے سارے ریکارڈز بنا رکھے ہیں اور کئی عمدہ اننگز کھیلی ہیں وہیں ان کے لیے رواں سال کچھ خاص اچھا نہیں رہا اور اب تک رواں سال انھوں نے صرف 18 عشاریہ چھ دو کی اوسط سے رنز بنائے ہیں اور انڈیا کے خلاف جاری سیریز میں اب تک ایک بھی نصف سنچری سکور نہیں کر پائے ہیں۔ایک پیغام میں ایلسٹر کک کا کہنا ہے ان کا بین الاقوامی کرکٹ کو خیرباد کہنے کا فیصلہ ’بہت سخت اور کئی ماہ کی سوچ بچار کے بعد طے پایا۔‘’اپنے بعض ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ دوبارہ ڈریسنگ روم شیئر نہ کرنے کا خیال میرے اس فیصلے کا سب سے سخت حصہ تھا، لیکن میں جانتا ہوں کہ یہی صحیح وقت ہے۔‘ان کا مزید کہنا تھا کہ ’میں نے پوری عمر کرکٹ سے ہیار کیا ہے، بچپن میں اپنے پارک میں کرکٹ کھیلنے سے، اور کبھی بھی انگلینڈ کی شرٹ پہننے کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔‘’لہذا میں جانتا ہوں کہ یہی صحیح وقت ہے کہ نوجوانوں کو موقع دیا جائے کہ وہ ہمیں محضوض کریں اور محسوس کر سکیں کہ اپنے ملک کی نمائندگی کرنے سے جو فخر ہوتا ہے۔‘بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے ایلسٹر کک نے اپنا پہلا ٹیسٹ میچ 21 سال کی عمر میں کھیلا جب 2006 میں انڈیا کے خلاف ناگپور میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچ میں انھیں مائیکل وان کی جگہ ٹیم میں شامل کیا گیا اور انھوں نے میچ کی دوسری اننگز میں ناقابل شکست سینچری سکور کی۔ 2012 میں انڈریو سٹارس کے بعد ایلسٹر کک کو انگلش ٹیسٹ ٹیم کی قیادت سونپی گئی۔

مزیدخبریں