عرب اتحادی فوج نے سعودی شہر جازان پر داغا گیا حوثیوں کا بیلسٹک میزائل مار گرایا

Sep 04, 2018

ریاض(این این آئی)عرب اتحادی فوج نے یمن سے حوثی باغیوں کے سعودی عرب کے سرحدی شہر جازان کی جانب داغے گئے ایک بیلسٹک میزائل کو فضا ہی میں تباہ کردیا ۔غیرملکی خبررساں ادارےکے مطابق عرب اتحادی فوج کے ترجمان کرنل ترکی المالکی کا کہنا تھاکہ حوثیوں کی یہ جارحانہ اور اشتعال انگیز کارروائیاں اس بات کا بیّن ثبوت ہے کہ ایرانی رجیم نے اس مسلح گروپ کی حمایت جاری رکھی ہوئی ہے۔ وہ ان کی جنگی صلاحیت میں اضافہ کرکے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی منظور کردہ قرار دادوں 2216 اور 2231 کی خلاف ورزی کا مرتکب ہورہا ہیاور سعودی عرب کی سلامتی کے علاوہ خطے اور بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے بھی خطرے کا موجب بن رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کے شہروں اور دیہات کے آباد ی والے علاقوں پر بیلسٹک میزائلوں کے حملے بین الاقوامی انسانی قانون کے بھی منافی ہیں۔انھوں نے عرب اتحاد کے اس مطالبے کا ا عادہ کیا کہ عالمی برادری ایران کی جانب سے یمن کے حوثی باغیوں کو اسلحے اور بیلسٹک میزائلوں کی اسمگلنگ رکوانے کے لیے زیادہ سنجیدہ اور موّثر اقدامات کرے اور ا ن دونوں کا بین الاقوامی قوانین اور اقدار کی ننگی خلاف ورزیوں پر احتساب کرے۔یمن سے ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجو آئے دن سعودی عرب کے جنوبی شہروں کی جانب بیلسٹک میزائل داغتے رہتے ہیں لیکن عرب اتحاد یا سعودی عرب کی فضائی دفاعی فورسز انھیں ہدف پر گرنے سے قبل ہی ناکارہ بنا دیتی ہیں۔

مزیدخبریں