نئی دہلی (صباح نیوز)بھارتی صوبہ پنجاب کے آرٹ، سیاحت و ثقافت کے وزیر اور سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھونے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات جلدبہتر ہوں گے۔ عمران خان دونوں ملکوں کے درمیان امن وامان اور محبت کا پیغام سمیت رشتوں میں بہتری کا راستہ نکالے گا۔ گزشتہ روز سدھو اجمیر میں ایک نجی اسکول کے پروگرام میں شرکت کے دوران صحافیوں سے بات کررہے تھے ۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے رشتوں میں بہتری آنے کی بات کرتے ہوئے اپنے دورہ پاکستان کو درست قدم قرار دیا۔تقریب میں انہوں نے عمران خان کے ساتھ اپنے 22سال پرانے کرکٹ رشتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس شخص کو محنت کرتے ہوئے دیکھا ہے ، وہ دونوں ملکوں کے درمیان امن وامان اور محبت کا پیغام سمیت رشتوں میں بہتری کا راستہ نکالے گا ۔انہوں نے بتایا کہ عمران کی جانب سے امن مذاکرات پر زور نے میری امیدیں اور بڑھا دی ہیں۔سدھو نے کسی انسان کی سوچ کو خیالات سے بدلنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سوچ سے سوچ کی لڑائی مہم چلائی جارہی ہے جس کے ذریعہ آج کا نوجوان مثبت سوچ کے ساتھ کئی بلندیوں کو چھو سکتا ہے ۔