امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتارنا ہو گا: میاں مقصود

Sep 04, 2018

ملتان(نامہ نگار خصوصی) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ امریکی وزیر خارجہ پومیو کے دورے سے قبل امریکہ کی جانب سے بقیہ کولیشن سپورٹ فنڈزاور امداد روکنا درحقیقت دباؤ بڑھانے کا حربہ ہے۔ واشنگٹن سے تعلقات اس وقت تک بہتر نہیں ہو سکتے جب تک اعتماد بحال اور مفادات کا تحفظ دو طرفہ نہ ہو۔ ماضی کے حکمرانوں نے امریکی امداد کے چکروں میں ملک و قوم کو دہشت گردی کی نام نہاد جنگ کی آگ میں دھکیل دیا تھا جس کا خمیازہ آج تک بھگت رہے ہیں۔ امریکی غلامی کا طوق گلے سے اتارنا ہو گا۔ کشکول پکڑ کر دنیا میں بھیک مانگنے کا سلسلہ اب بند ہونا چاہئے اس طرز عمل سے پوری دنیا میں رسوائی ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے الیکشن سے قبل آئی ایم ایف اور بیرونی امداد نہ لینے کا اعلان کیا تھا۔ اب وقت آگیا ہے کہ وہ اپنے قوم کے ساتھ کئے گئے وعدوں کو پورا کریں۔ اگر نیت ٹھیک ہو تو ملکی معاملات کو اپنے وسائل پر انحصار کرتے ہوئے چلایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ ہمیشہ سے اپنے مفادات کا اسیر رہا ہے۔ اس نے پاکستان کو ہمیشہ دھوکے کے سوا کچھ نہیں دیا۔ 71 کے بحری جنگی بیڑے کے جھوٹے وعدے سے لے کر کولیشن سپورٹ فنڈز میں کٹوتی اور اسے روکنے تک بے شمار مثالیں ہمارے سامنے موجود ہیں جن سے امریکیوں کی بے وفائی دیکھی جا سکتی ہے۔

مزیدخبریں