سرگودھا: نومنتخب ایم این اے ذوالفقار علی بھٹی کی عبوری ضمانت منسوخ

Sep 04, 2018

سرگودھا (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب ایم این اے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کی عبوری ضمانت منسوخ کردی، ضمانت منسوخی کے خدشہ اور گرفتاری کے خوف سے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور دیگرملزمان ملزمان سماعت کے بعد فیصلہ سنائے جانے سے قبل عدالت چلے گئے، تفصیلات کے مطابق جنرل الیکشن 2018ء کے انتخابی نتائج کے اعلان سے قبل احاطہ کچہری میں پاک فوج، عدلیہ الیکشن کمشن کے خلاف احتجاج پر مسلم لیگ ن کے ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی اور ان کے ساتھیوں کے خلاف دہشت گردی سمیت مختلف دفعات کے ساتھ تھانہ کینٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا، جس پر ملزمان نے عبوری ضمانت کروائی ، گذشتہ روز ملزمان کی پیشی کے دوران انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج عتیق الرحمن نے ملزمان کی عبوری ضمانت خارج کردی۔ سرگودھا میں قائم انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کیخلاف انسداد دہشت گردی کی دفعات کے تحت درج مقدمہ کی سماعت ہوئی، مقدمہ کے مرکزی ملزم ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی دیگر نامزد ملزمان سمیت عدالت میں پیش ہوئے، سماعت کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کے وکلاء کی طرف سے عبوری ضمانت میں توسیع کیلئے درخواست دائر کی گئی، مقدمہ کی سماعت کے دوران ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور سرکاری وکلاء نے درخواست ضمانت پربحث کی جس کے بعد عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا جو کہ دن 12 بجے سنایا گیا، عدالت نے فیصلہ میں ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی کی ضمانت کی درخواست مسترد کرتے ان کی گرفتاری کا حکم دے دیا تاہم محفوظ فیصلہ سنائے جانے سے قبل ہی ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی احاطہ عدالت سے نکل گئے۔ ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی اور ان کے ایک سو ساتھیوں کے خلاف الیکشن کے بعد ووٹوں کی گنتی کے دوران عدالت میں ہنگامہ آرائی کرنے اور قومی اداروں کے خلاف نعرے بازی کرنے پر انسداد دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمہ میں ڈاکٹر ذوالفقار بھٹی نے عبوری ضمانت حاصل کر رکھی تھی جو کہ گذشتہ روز منسوخ کر دی گئی، پولیس تھانہ کینٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جار رہے ہیں تاہم تاحال ملزم کی گرفتاری عمل میں نہ آ سکی۔ سرگودھا کے مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی اور ان کے اہل خانہ کی طرف سے ان کی دوسری مبینہ بیوی امروزیہ کو ذد و کوب کرنے، تشدد کے نتیجہ میں اسقاط حمل اور 6 سالہ بچی کے اغواء سمیت مختلف الزامات کے تحت درج مقدمہ میں ڈاکٹر ذوالفقار علی بھٹی کی ایڈیشنل سیشن جج مدثر فرحان کی عدالت میں پیشی، پولیس تفتیش مکمل نہ ہونے پر تھانہ کینٹ پولیس کو سرزنش، 7ستمبر تک ہر صورت تفتیش مکمل کرکے عدلت پیش کرنے کی ہدایت کے ساتھ سماعت ملتوی کردی گئی۔ علاوہ ازیں قومی اداروں کے خلاف نعرے بازی، مسلم لیگ ن کے ایم این اے حامد حمید کیخلاف مقدمہ کی سماعت، وکلاء کی استدعا پر سماعت 7ستمبر تک ملتوی، تفصیلات کے مطابق جنرل الیکشن 2018ء کے انتخابی نتائج کے حوالہ سے تحفظات پر احتجاج کے دوران پاک فوج، عدلیہ اور الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے بازی پر مسلم لیگ ن کے ایم این اے حامد حمید سمیت 240 سے زائد لیگی کارکنوں پر 16 ایم پی او کے تحت مقدمہ درج ہوا تھا جس پر ایم این اے حامد حمید کیخلاف تھانہ کینٹ میں درج مقدمہ کی سماعت ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ میں ہوئی، جہاں وکلاء کی طرف سے مانگی گئی مہلت پر ایڈیشنل سیشن جج افضل سعید نے کیس کی سماعت 7ستمبر تک ملتوی کر دی۔

مزیدخبریں