لاہور(نامہ نگار)ایس پی سی آئی اے عاصم افتخار نے گزشتہ روزانوسٹی گیشن ہیڈ کوارٹر قلعہ گجر سنگھ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ملت پارک کے علاقہ میں چچا،بھتیجے کے قتل میں ملوث 6 ملزمان کوڈی ایس پی سی آئی اے اقبال ٹاون ڈویژن جاوید صدیق کی سربراہی میں پولیس ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کر لیا ہے۔ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں بتایا کہ مقصود عرف منا بابا نے زبردستی اس کے منشیات کے کاروبار پر قبضہ کرنے پر اپنے بھتیجے وقاص کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھااس کا مقدمہ تھانہ ملت پارک میں درج ہواتھا۔کچھ عرصہ بعد یوسف بٹ ،عمر،مانو اور اخلاق وغیرہ 5افرادجواے ایس آئی شوکت علی کیساتھ بیٹھے تھے انہوں نے مقصود عرف منابابا کے گھر سے باہر نکلتے ہی اس کو فائرنگ کر کے قتل کردیا تھا۔علاوہ ازیں سی آئی اے اقبال ٹاوئن پولیس نے ہی چار ڈاکوؤں کو بھی گرفتار کر کے 50لاکھ مالیت کا لوٹا ہوا مال اور اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔انچارج سی آئی اے کاہنہ حسنین حیدر نے قتل کے ملزمان زوہیب اکرم اورامانت علی کو گرفتار کر کے آلہ قتل برآمد کر لیا ہے۔ڈی آئی جی انویسٹی لاہور نے ڈی ایس پی جاوید صدیق اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔