لاہور (آن لائن) وزیراعظم عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر بھارت کا اندرونی مسئلہ نہیں ہے، مودی سرکار نے آرٹیکل 370 ختم کر کے غیر آئینی اقدام کیا ہے۔ بھارتی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر کہے کہ’’ کشمیر ہمارا اندرونی مسئلہ ہے’’ تو پھر سن لے کہ عمران بھی ہمارا اندرونی مسئلہ ہے، معیشت بھی ہمارا اندرونی مسئلہ ہے اور آپ کو اس پر بولنے کا کوئی حق نہیں۔‘‘ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر داخلہ امریکہ میں کھڑے ہو کر پاکستان کو ایٹمی جنگ کی دھمکی دے رہے تھے ان کا یہ بیان قابل مذمت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جنگ پاکستان اور بھارت دونوں کے حق میں نہیں ہے، اگر دونوں ممالک نے آگے بڑھنا ہے تو وہ معیشت بہتر بنا کر اوپر جا سکتے ہیں۔ یاد رہے کچھ روز قبل بھارتی اخبار کو دیئے گئے انٹرویو میں ریحام خان نے دعویٰ کیا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیر بیچ دیا ہے۔ عمران خان کشمیر کے حوالے سے نئی دہلی کے عزائم سے بخوبی آگاہ تھے اور انہوں نے اپنے بھارتی ہم منصب نریندر مودی کو خوش کرنے کے لیے اس حوالے سے معاہدے کی پیشکش بھی کی تھی۔