لاہور: احتساب عدالت میں آج بڑی پیشیاں ہوں گی ، اپوزیشن لیڈر شہباز شریف، حمزہ شہباز، مریم نواز، یوسف عباس، خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق مختلف مقدمات میں پیش ہوں گے۔تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں آج آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل، رمضان شوگر ملز کیس، منی لانڈرنگ و آمدن سے زائد اثاثہ جات، چوہدری شوگر ملز کیس اور پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل کی سماعت ہو گی۔ مسلم لیگ ن کے رہنماؤں کی پیشی کے موقع پر پارٹی نے کارکنوں کو احتساب عدالت پہنچنے کا حکم دے دی۔احتساب عدالت نے آشیانہ اقبال ہاؤسنگ سکینڈل میں شہباز شریف کو طلب کر رکھا ہے جبکہ رمضان شوگر ملز کیس میں بھی شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی پیشی ہے۔ حمزہ شہباز کو منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر بھی احتساب عدالت کے روبرو پیش کیا جائے گا۔مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز اور یوسف عباس کو چوہدری شوگر ملز کیس میں جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے پر نیب احتساب عدالت میں پیش کرے گی۔
پیراگون ہاؤسنگ سکینڈل میں جوڈیشل ریمانڈ کی مدت ختم ہونے پر خواجہ سعد رفیق اور خواجہ سلمان رفیق کو جیل حکام کی جانب سے احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا۔ خواجہ برادران کی ایک لمبے عرصے بعد احتساب عدالت میں شہباز شریف، حمزہ شہباز اور مریم نواز سے ملاقات متوقع ہے