وزیراعظم عمران خان سےسعودی، اماراتی وزرائے خارجہ کی ملاقات، کشمیر اور خطے کی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ

Sep 04, 2019 | 20:34

ویب ڈیسک

وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں وزیر خارجہ نے بھی شرکت کی۔

 وزیراعظم عمران خان سے سعودی عرب کے وزیر خارجہ عادل بن احمد الجبیر اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبداللہ بن زید بن سلطان نے ملاقات کی، دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات وزیراعظم ہاؤس میں ہوئی، اس ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی بھی شریک تھے۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں خطے سمیت مسئلہ کشمیر کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس سے قبل وزیر خارجہ نے معزز مہمانوں کیساتھ ملاقات میں خطے میں سکیورٹی اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے واضح کیا کہ بھارتی اقدام عالمی قوانین کی خلاف ورزی اور یو این قراردادوں کے منافی ہیں۔

شاہ محمود نے پاکستان کے اہم دورے پر آئے سعودی اور اماراتی وزرائے خارجہ سے ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی صورتحال سمیت اہم ایشوز پر تفصیلی تبادلہ خیالات کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت نے ایک ماہ سے لاکھوں کشمیریوں کو یرغمال بنا رکھا ہے، کشمیر کی صورتحال تشویشناک ہے، خوراک اور ادویات میسر نہیں، بھارتی اقدام کا مقصد کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنا ہے۔ اس نے یکطرفہ اقدامات سے مقبوضہ کشمیر کی خصوص حیثیت تبدیل کی۔

اس سے قبل سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ اہم ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نور خان ایئربیس پر دونوں معزز مہمانوں کا استقبال کیا۔ تینوں وزرائے خارجہ نے ہاتھوں میں ہاتھ ڈال کر یکجہتی کا اظہار کیا۔

ملاقاتوں میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال، پاک بھارت کشیدگی اور دو طرفہ تعلقات سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جبکہ خطے کی موجودہ صورتحال پر بات چیت ہوگی۔

مزیدخبریں