پنڈی گھیب(نامہ نگار)موسلادھار بارشوں کیوجہ سے پنڈی گھیب اور گردونواح میں متعدد مکانات کی چھتیں اور دیواریں زمین بوس ، ایک شخص سیلابی پانی میں بہہ کر جاں بحق ہو گیا ، گذشتہ تین روز سے وقفے وقفے سے جاری تیز بارش کے سلسلے کیوجہ سے ندی نالوں میں طغیانی کے مناظر دیکھنے میں آ رہے ہیں ، واقعات کے مطابق 48 سالہ محمد ریاض ولد محمد نواز ساکن اخلاص سیلابی پانی کی زد میں آ گیا اور گذشتہ روز اسکی نعش امن پور کے قریب نالہ سیل کے قریب ملی جسے ریسکیو 1122 نے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد نعش ورثا کے حوالے کر دی گئی بعدازاں نمازِ جنازہ کی ادائیگی کے بعد اسے اخلاص کے مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا ، دوسری جانب ٹیکنیکل کالج پنڈی گھیب کی سینکڑوں فٹ بیرونی دیوار بارشی پانی کیوجہ سے زمین پر آن لگی مگر خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جبکہ شدید بارش کیوجہ سے ڈہوک احمد آباد داخلی ملہوالی کے رہائشی یاسر محمود ولد حسین احمد کا مویشیوں کا باڑہ اور اس سے ملحقہ کمرہ زمین بوس ہو گیا جسکے نتیجے میں ایک بکری اور ایک گائے ہلاک جبکہ دو بھیڑیں زخمی ہو گئیں جبکہ دیگر جانوروں کو مقامی افراد کی مدد سے ملبے سے باہر نکالا گیا اسکے علاوہ تحصیل کے دیگر علاقوں سے بھی معمولی قسم کے مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔