بھارت کشمیریوں کی جبری گمشدگی‘ گمنام قبروں کی تحقیقات کرے: اقوام متحدہ

Sep 04, 2020

سرینگر‘جدہ(نیوز ایجنسیاں)اقوام متحدہ نے ایک مرتبہ پھر بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر اپنے زیر قبضہ جموںوکشمیر میں جبر ی گمشدگیوں اور گمنام اجتماعی قبروں کے معاملات کی تحقیقات کرے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق اقوام متحدہ کے کم از کم 9 نمائندوں نے رواںہفتے بھارتی حکومت کے نام ایک خط میں اس بات پر زور دیا ہے کہ وہ جموںکشمیر میں انسانی حقوق کمیشن کی تحلیل کے فیصلے پر بھی نظر ثانی کرے۔ اقوام متحدہ کا یہ تازہ خط ایسے متعدد خطوط میں سے ایک ہے جو کشمیر میں انسانی حقوق کی ابترصورتحال کے حوالے سے بھارت کو بھیجے گئے ہیں۔ اسلامی تعاون تنظیم ( او آئی سی ) کے سیکرٹری جنرل احمد بن یوسف العثیمین نے جدہ میں ایک اجلاس میں کشمیر کاز کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔تنظیم کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ آو آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے رضوان سعید شیخ نے سیکرٹری جنرل کو غیر قانونی طو ر پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی ابتر صورتحال کے بارے میں آگاہ کیا۔دریں اثنا معروف کشمیری صحافی یوسف جمیل نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں 131سالہ پرانی واحدسرکاری زبان اردو کوختم کرنے کے بھارتی حکومت کے اقدام پر سرینگر میں ایک انٹرویو کے دوران رد عمل میں کہا کہ اردو کو پہلے ہی برسوں سے نظرانداز کیا جا رہا ہے جبکہ بھارتی حکومت کے حالیہ اقدام سے یہ مزید کمزور ہو گی۔ ادھر بھارتی کابینہ نے ایک بل کی منظوری دی جس کے تحت اردو اور انگریزی کے علاوہ کشمیری ، ڈوگری اور ہندی بھی بھارت کے غیرقانونی قبضے سے جموںو کشمیر کی سرکاری زبانیں ہوں گی۔ اس فیصلے کا واحد مقصد اردو زبان کو نقصان پہنچانا ہے ، جو کئی دہائیوں سے اس خطے کی سرکاری زبان ہے۔کے پی آئی  کے مطابق بھارتی حکومت کشمیر میں ہندی ثقافت اور ادب کو متعارف کرواناچاہتی ہے اسی لیے  یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔ بھارتی وزیراطلاعات و نشریات پرکاش جاویڈکر نے ایک نیوز بریفنگ میں اس فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کشمیر میں پانچ سرکاری زبانیں ہوں گی اور اس کیلئے پارلیمنٹ میں ایک بل لایا جائے گا ۔ ادھر پنجابی زبان کو جموں کشمیرکی سرکاری زبانوں کی فہرست سے خارج رکھنے پر آل پارٹیزسکھ کوارڈینیشن کمیٹی کے چیئرمین اوراپنی پارٹی رہنماجگموہن سنگھ نے شدیدردعمل کااظہار کرتے ہوئے اِسے اقلیت مخالف اقدام سے تعبیر کیااورکہا کہ دفعہ370کی تنسیخ سے قبل پنجابی جموں کشمیرکے آئین کاحصہ تھی۔ایک بیان میں کہا کہ اس قدم سے اقلیتوں خاص طورسے سکھوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں ۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر تسلط جموںوکشمیر میںاسلامی تنظیم آزادی جموںو کشمیر کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین عبدالصمد انقلابی نے بزرگ کشمیری حریت رہنماء سیدعلی گیلانی کی جلد صحت یابی کیلئے پوری امت مسلمہ سے دعا کی اپیل کی ہے ۔جموںوکشمیر میںہائی کورٹ نے غیر قانونی طور پر نظربند جماعت اسلامی کے سربراہ عبدالحمید گنائی کی اپنی بیٹی کی شادی کی تقریب میں شرکت کیلئے پیرول پر رہائی کی درخواست مسترد کردی ہے۔

مزیدخبریں