میڈیا رپورٹس وخطوط لکھنے پرسندھ حکومت 7 ستمبر کو الیکشن کمشن طلب 

 اسلام آباد(قاضی بلال ؍خصوصی نمائندہ)الیکشن کمیشن نے مردم شماری اور حلقہ بندیوں سے متعلق میڈیا رپورٹس اور خطوط لکھنے پرسندھ حکومت کو سات ستمبر کو اسلام آباد طلب کر لیا ہے ۔واضح رہے کہ سندھ حکومت کو دیگر صوبوں کی نسبت سندھ میں جلد بلدیاتی انتخابات کرانے پر تحفظات تھے ۔گزشتہ روز الیکشن کمیشن  کا صوبہ سندھ  میں  بلدیاتی   انتخابات کے انعقاد سے متعلق  اہم اجلاس ہوا  جس کی صدارت  سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر نے کی ۔ اجلاس میں ممبران ا لیکشن کمیشن  کے علاوہ الیکشن کمیشن کے سینئر افسران بھی موجود تھے ۔ اجلاس میں رہنما پاکستان پیپلزپارٹی تاج حیدر اور نثاراحمد کھوڑو  کے خطوط  جو انھوں نے الیکشن کمیشن کو ارسال کئے ، زیر غور آئے ان  خطوط کے مطابق الیکشن کمیشن  آئین پاکستان  کے آرٹیکل51(5)کے تحت پابند ہے  کہ صوبہ میں حلقہ بندی صرف اور صرف محکمہ شماریات کے طرف سے جاری کردہ سرکاری طور پر شائع شدہ آبادی کے اعدادو شمار کو مدنظر رکھتے ہوئے کر سکتا ہے ۔ جب تک محکمہ شماریات  آبادی  کے حتمی اعدادوشمار شائع نہیں کرتا الیکشن کمیشن صوبہ سندھ میں حلقہ بندیاں نہیں کر سکتا ۔اجلاس میں خطوط اور میڈیا میں آنے والے بیانات  پربھی غورکیا گیا۔الیکشن کمیشن نے دفتر کو حکم دیا کہ گورنمنٹ آف سندھ کوچٹھی لکھی جائے اور انہیں  مورخہ 7ستمبر 2020  دن 11بجے الیکشن کمیشن اسلام آباد  آنے کی ہدایت کی جائے تاکہ الیکشن کمیشن حکومت سندھ کے سرکاری موقف کی سماعت کرے اوراس پرقانون کے مطابق  مناسب فیصلہ کیا جا سکے۔ 
  

ای پیپر دی نیشن