نورالحق قادری کی برطانوی ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برنے سے ملاقات

Sep 04, 2020

 اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نورالحق قادری نے کہا ہے کہ سابقہ فاٹا کی سماجی ترقی کے حکومتی منصوبوں میں برٹش ہائی کمیشن کے تعاون کے شکر گذار ہیں۔جمعرات کو یہ بات وفاقی وزیر مذہبی امور پیر نور الحق قادری نے  برطانیہ کے پاکستان میں ڈپٹی ہائی کمشنر ایلیسن بلیک برنے سے یہاں ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں پاک برطانیہ تعلقات، مختلف شعبوں میں باہمی تعاون  اور دیگر امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔برٹش ڈپٹی ہائی کمشنر نے کہا  کہ پاکستان میں خیبر پختونخوا کے دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں سماجی ترقی کے کئی منصوبوں پر کام جاری ہے، ان منصوبوں  میں بچوں کی بہتر نشونما، صحت اور تعلیم کے شعبے سر فہرست ہیں جن پر 6 سالہ پروگرام کے تحت دو، دو سال کے تین فیزز میں کام کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کا کہنا تھا کہ موجودہ حکومت دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں کی سماجی ترقی میں خاص دلچسی رکھتی ہے۔ برٹش ہائی کمیشن کے تعاون سے نہ صرف دونوں حکومتوں بلکہ انکے عوام کے درمیان رابطے مضبوط ہونگے اور سابقہ فاٹا  کے علاقے جو کہ عرصہ دراز سے نظر انداز ہو رہے تھے اب ملکی اور خطہ کی ترقی میں اپنا مثبت کردار ادا کریں گے۔ پیر نور الحق قادری نے مزید بتایا  کہ وزارت کا شعبہ بین المذاہب ہم آہنگی ان علاقوں کی  اقلیتوں کی سماجی ترقی کیلئے بھی  اپنا کردار ادا کر رہا ہے جن میں اقلیتی طلبا کے تعلیمی وظائف اور ناداروں کی مالی امداد  شامل ہے۔ پاکستان میں بین المذاہب ہم آہنگی خطہ بھر کیلئے مثالی ہے جسکی مزید بہتری کیلئے ایک پاکستانی ہندو کی سربراہی میں قومی اقلیتی کمیشن کا قیام عمل میں لایا گیا ہے

مزیدخبریں