اسلام آباد(نیوزرپورٹر)کشمیر کمیٹی کے چیئرمین شہریار آفریدی نے کہا ہے کہ کشمیر کمیٹی گلگت بلتستان میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے جی بی کی آواز بنے گی، گلگت بلتستان (جی بی)تنازعہ کشمیر کا بنیادی اسٹیک ہولڈر ہے اور کشمیر کمیٹی گلگت بلتستان کے مستقبل کے نمائندوں اور قانون سازوں کو بین الاقوامی سطح پر بات چیت کا مستقل حصہ بنائے گی، ہندوستان آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں اختلاف رائے کے بیج بونے کے لئے لاکھوں کی سرمایہ کاری کر رہا ہے لیکن ان علاقوں کے عوام دشمن کے تمام مذموم منصوبوں کو ناکام بنانے کے لئے ڈٹے ہوئے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گلگت بلتستان کے صحافیوں پر مشتمل وفد سے ملاقات کے دوران کیا ۔ صدر جی بی جرنلسٹس فورم غلام عباس نے وفد کی قیادت کی جبکہ شبیر حسین ، ابرار حسین اور دیگر وفد کا حصہ تھے۔ شہریار خان آفریدی نے پاکستان سے محبت اور پیار کے لئے گلگت بلتستان کے عوام کی خدمات کو سراہا اور کہا کہ جی بی کے لوگ انکے دل سے بہت قریب ہیں۔ شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے غیر ملکی سیاحوں کو جی بی جانے کے لئے این او سی کی شرط کا خاتمہ کیا تھا جس سے جی بی کی آمدنی میں بڑے پیمانے پر اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے سیاسی و ترقیاتی حقوق کیلئے کوشاں رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی گلگت بلتستان میں چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈورکے تحت ترقیاتی منصوبوں کیلئے سی پیک اتھارٹی اور دیگر اداروں کے ساتھ گلگت بلتستان کے نمائندوں کی ملاقاتوں کا بھی اہتمام کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کمیٹی جی بی میں مزید سماجی بہبود کے منصوبوں کے لئے بھی کام کرے گی۔ جی بی یوتھ کے ساتھ نوجوانوں کے ساتھ رابطہ ان کا ترجیحی موضوع ہوگا اور وہ جی بی یوتھ کے ساتھ اپنی مشاورت کو بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جی بی کے نمائندے مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی بات چیت میں مستقل کردار رکھتے ہیں۔ کشمیر کمیٹی جی بی قانون سازوں سے بھی بات چیت کرے گی۔ وفد نے غیر ملکیوں کو جی بی جانے کے لئے این او سی کی شرط منسوخ کرنے پر وزیر اعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جی بی سیاحت میں اضافے کی وجہ سے اس سے محصولات میں اضافے میں بہت مدد ملے گی۔
گلگت بلتستان کے سیاسی و ترقیاتی حقوق کیلئے کوشاں رہینگے،شہریار آفریدی
Sep 04, 2020